سرینگر//ہندوستانی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اوپیندر دویدی نیپالی فوج کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشوک راج سگدل کی دعوت پر کھٹمنڈو کے پانچ روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔ جنرل دویدی پانچ رکنی وفد کی قیادت کر رہے ہیں، جس میں ان کی شریک حیات سنیتا دویدی، بھارتی فوج کی آرمی ویوز ویلفیئر ایسوسی ایشن (AWWA) کی چیئرپرسن بھی شامل ہیں۔ کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وفد کا استقبال نیپالی فوج کے ملٹری آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ میجر جنرل پریم دھوج ادھیکاری نے کیا۔ جنرل دویدی، پی وی ایس ایم، اے وی ایس ایم نے ٹونڈی خیل میں آرمی پویلین میں شہیدوں کو پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں انہیں نیپالی آرمی ہیڈکوارٹر میں ایک رسمی گارڈ آف آنر دیا گیا، جہاں انہوں نے جنرل اشوک راج سگدل سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماو¿ں نے ہندوستان اور نیپال کے درمیان فوجی دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ خیر سگالی اور پائیدار دوستی کے اشارے کے طور پر، جنرل دویدی نے جنرل سگدل کو فوجی گھوڑے اور کتے پیش کیے۔ انہوں نے نیپالی آرمی ہیڈ کوارٹر کے احاطے میں رودرکش کا پودا بھی لگایا۔ آج بعد میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں، صدر رام چندر پوڈیل جنرل دویدی کو نیپالی فوج کے جنرل کے اعزازی عہدے سے نوازیں گے، جو دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان قریبی تعلقات کی علامت ہے۔