جموں/22 نومبر2024ئنائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے آج جتندر سنگھ لکی کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کی جس میں ضلع گوردوارہ پربندھک کمیٹی (ڈِی جی پی سی) کٹھوعہ کے ممبران اور سکھ کمیونٹی کے ممتاز رہنما شامل تھے۔
وفد میں ڈی جی پی سی کٹھوعہ کے نائب صدر کلدیپ سنگھ اور سکھ رہنما دلجیت سنگھ، اجیت پال سنگھ، ہرجیت سنگھ، منموہن سنگھ، جگجیت سنگھ، سمرنجیت سنگھ، گرنام سنگھ، موہن سنگھ لمبردار اور گرمیت سنگھ جمی شامل تھے،نے اَپنی اپیل کٹھوعہ کے بختہ میں واقع تاریخی گوردوارہ چرن کمل صاحب پر مرکوز کی۔گورو نانک دیو جی سے وابستہ گودوارہ بے پناہ روحانی اور تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔وفد نے اِس پوتر مقام کی بحالی، تحفظ اور دیکھ ریکھ کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے نائب وزیر اعلیٰ سے کہاکہ وہ اِس تاریخی مقام کی بحالی سکیموں پر عمل آوری کو ترجیح دیں اور اِس عمل میں اَپنے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔نائب وزیر اعلیٰ نے وفد کی طرف سے اُٹھائے گئے مسائل کو تسلیم کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ حکومت جموں و کشمیر کی تعمیراتی اور ثقافتی وراثت کے تحفظ کے لئے پُرعزم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت گوردوارہ چرن کمال صاحب کی ضروریات کا جائزہ لے گی اور اس کی بحالی کے لئے اَقدامات شروع کرے گی۔