سرینگر//وادی کشمیر میں خشک موسم اور ٹھٹھرتی سردی کے بیچ آج یعنی 20 اور 21دسمبرکی درمیانی شب سے سخت سردیوں کے چالیس دنوں پر محیط "چلہ کلان” کا آغاز ہوجائے گا۔چلہ کلان کو "شہنشہاہ زمستان” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،جو کہ 21 دسمبر سے شروع ہوکر 31جنوری کو اختتام پذیر ہو جاتا ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق وادی کشمیر میں چلہ کلان شروع ہونے سے ایک روز قبل ہی پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں آ چکی ہے جبکہ دوسری جانب موسم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔چلہ کلان دراصل فارسی زبان کی ایک اصطلاح ہے جس سے مراد چالیس دنوں پر محیط شدید ترین سردیوں کی مدت ہے۔ماہر موسمیات کا کہنا ہے کہ چلہ کلان امسال ساتویں بار خشک موسم کے بیچ شروع ہوگا۔چلہ کلان کے دوران کپکپا دینے والی ٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ بھاری برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے درج ہونے کے باعث آبی ذخائر یہاں تک کہ گھروں میں پانی کے نل بھی منجمد ہوجاتے ہیں۔ایسے میں سرینگر میں بیتی رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔کشمیر بھر میں زیادہ تر مقامات پر طویل خشکی کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے سری نگر کے ساتھ وادی کے کئی حصوں میں پارہ سیزن کی سب سے کم ترین سطح پر گر گیا ہے، جہاں اب تک کی سرد ترین رات منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کی گئی۔جموں و کشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر سمیت بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر نے پورے کشمیر میں اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق، سری نگر میں موسم کا سب سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو یہاں کی سرد ترین رات ہے۔مزید برآں، گلمرگ، ایک مشہور سکی ریزورٹ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔پلوامہ میں9.5ڈگری مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں منفی 10.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ کشمیر کے گیٹ وے قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں منفی 6.5ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ جنوبی کشمیر کے کوکرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔چلہ کلان کے دوران جھیل ڈل سمیت وادی کے دیگر آبی ذخائر جم جاتے ہیں۔ 21دسمبر سے 70دنوں پر محیط شدید سردی کے تین مراحل سے یہاں کے لوگوں کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔جس میں چلہ کلان کے 40 روز، چلہ خورد کے 20 اور چلہ بچہ کے 10 دن شامل ہیں اور انہی ایام کے دوران سردی کے نئے ریکارڈ درج کیے جاتے ہیں۔