جموں/23دسمبر2024ئلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے آج جموں میں اِندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (آئی جی این سی اے) ریجنل سینٹر کا اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پراُنہوں نے اَپنے خطاب میں آئی جی این سی اے، فن کاروں، ادیبوں، محققین، فن سے محبت کرنے والوں، اِختراع کاروں اور طلبا¿کو مُبارک باد دی۔لیفٹیننٹ گورنر نے آئی جی این سی اے کے ریجنل سینٹر کو جموں کے لئے وقف کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی اورصدر آئی جی این سی اے رام بہادر رائے کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے کہا ،” جموں کی لوک روایت ان اَقدار اور نظریات کا منبع رہی ہے جنہوں نے صدیوں سے معاشرے کو برقرار رکھا ہے اور مجھے یقین ہے کہ آئی جی این سی اے کا ریجنل سینٹر معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ثقافت کی خوبیوں کو پروان چڑھانے کے لئے ایک فریم ورک تشکیل دے گا۔“لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،”یہ سینٹر ہمارے شاندار فن اور ثقافتی ورثے اور تحفظ کو فروغ دے گا اور روایتی حکمت اور علم کی ترقی میں مدد کرے گا۔ “اُنہوںنے دانشوروں پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے شاندار فن کارانہ ورثے کو فروغ دینے اور ویدک زبانی روایت کے تحفظ اور تشہیر کے لئے آئی جی این سی اے جیسی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہماری تہذیبی وراثت ایک ایسی ثقافت کی نمائندگی کرتی ہے جو ہمہ جہت ہے اور ” واسودھا کٹم بکم “کے تصور پر مبنی ہے۔ اُنہوںنے کہا کہ یہ منتر آج بھی دُنیا کے لئے بہت اہمیت کا حامل ہے۔
اُنہوںنے اِس بات پر روشنی ڈالی کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ایک ثقافتی بحالی کا مشاہدہ کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ مستقبل میں جموں میں آئی جی این سی اے سینٹر لوک روایات کے فروغ ، ترقی اور افزودگی کے لئے حکومت کی کوششوں کو مزید تقویت دے گا۔
اُنہوں نے نئی نسل میں فن کارانہ ذہنیت کو فروغ دینے کے لئے روشن خیال شہریوں اورشراکت داروں کے رول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں سے معاشرے کے دیگر شعبوں کو فائدہ پہنچے گا۔
لیفٹیننٹ گورنرنے یوگینی للیشوری، نند ریشی، حبہ خاتون، پرمانند، دتو، ٹھاکر رگھوناتھ سنگھ، پنڈت ہردت، گنگا رام، پدم سچدیو جیسے عظیم مفکرین اور مصنفین کی تخلیقات کو بالخصوص نوجوانوں تک پہنچانے کے لئے پُرعزم کوششوں پر زور دیا۔