نوشہرہ/24دسمبر2024ئنائب وزیرا علیٰ سریندرکمار چودھری نے آج نوشہرہ کے دھنکا اور لنگر میں عوامی دربار کا اِنعقاد کیا۔ تقریبات میں رہائشیوں کی پرجوش شرکت دیکھنے میں آئی جنہوں نے نائب وزیر اعلیٰ کا والہانہ اور گرمجوشی سے اِستقبال کیا اور حکومت کے رَسائی اَقدامات پر اِظہار تشکر کیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے دربار کے دوران دیہی اور شہری علاقوں میں مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے عوام کو یقین دِلایا کہ علاقے کے ہر گاو¿ں اور وارڈ تک سڑک رابطہ قائم کیا جائے گا اور اِس بات پر زور دیا کہ کوئی بھی علاقہ ترقیاتی کاموں میں پیچھے نہیں رہے گا۔اُنہوں نے اَپنے خطاب میں عوام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر تجاوزات سے گریز کریں اور بنیادی ڈھانچے اور حفاظت پر اِس طرح کے طریقوں کے منفی اثرات کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے عوامی مقامات کی سا لمیت کو برقرار رکھنے میں کمیونٹی کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعلیٰ نے وہاں موجود اَفسروں کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ گرام سبھا سے مشورہ کرنے کے بعد ہی منریگا منصوبے تیار کریں۔اُنہوں نے کہا،”کمیونٹی کی شرکت مو¿ثر منصوبہ بندی اور عمل آوری کی بنیاد ہے۔ منریگا کے تحت تمام ترقیاتی سکیموں میں لوگوں کی ضروریات اور اُمنگوں کی عکاسی ہونی چاہئے۔