سرینگر//کےجموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے برفباری والے علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور برف باری کے بعد بجلی کی سپلائی تقریباً بحال ہو گئی ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ بحالی کے کام کی نگرانی وزراء، ان کے مشیروں اور سینئر افسران کے ذریعے کی جا رہی ہے اور کشمیر کے ڈویڑنل کمشنر کی طرف سے باقاعدہ جائزہ لیا جاتا ہے۔”جموں اور کشمیر کے برفباری والے علاقوں میں بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں، جن کی نگرانی وزراء، میرے مشیروں اور سینئر افسران نے کی ہے، جس میں صوبائی کمشنرکشمیرکی طرف سے باقاعدگی سے جائزے لیے گئے ہیں۔ آج، اندرونی سڑکوں اور گلیوں سے برف صاف کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ 33 kv کے 100فیصد اور 11 kv کے 99 فیصد فیڈرز کی بحالی کے ساتھ بجلی کی بحالی تقریباً مکمل ہو گئی ہے،” عبداللہ نے X پر ایک پوسٹ میں کہا۔وادی کشمیر اور جموں ڈویڑن کے کچھ علاقوں میں اتوار کو درمیانے درجے سے بھاری برفباری ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہوگئیں اور کئی مقامات پر بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔