سرینگر /جنوبی ضلع پلوامہ کے وہی بگ علاقے میں تیندوے کی موجودگی کے بعد خوف و ہراس پھیل گیاجس کے بعد وائلڈ لائف محکمہ نے تیندوئے کو قابو میں کرنے کیلئے ٹیم تعینات کی ۔ اسی دوران ترال کے بیشتر علاقوں میں جنگلی جانوروں کی موجودگی کے باعث لوگوں کا گھروں سے باہر نکلنا محال ہو چکا ہے ۔ سی این آئی کے مطابق جنوبی ضلع پلوامہ کے وہی بگ علاقے میں اتوار کو اس وقت خوف و ہراس کا عالم پھیل گیا جب گاﺅں میں ایک تیندوے کی موجودگی کی خبر پھیل گئی ۔ عین شاہدین کے مطابق علاقے میں تیندوئے کی خبر پھیلتے ہی مقامی لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کو آگاہ کیا، جس نے صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر ایک ٹیم کو تعینات کیا۔معلوم ہوا ہے کہ محکمہ کی ایک ٹیم علاقے میں پہنچ گئی جس دوران انہوں نے عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے اور جانور کو پکڑنے کے لیے، محکمہ نے آس پاس کے علاقے میں ایک پنجرا لگایا ہے۔ حکام نے مقامی لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور تیندوے کو پکڑے جانے تک الگ تھلگ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ادھر ترال کے کئی علاقوں میں جنگلی جانوروں کی موجودگی سے لوگ میں خوف و ڈر پھیل چکا ہے اور لوگ گھروں سے باہر آنے میں خوف محسوس کرتے ہیں ۔ نمائندے کے مطابق ترال کے مندورہ علاقے میں گذشتہ کئی دنوں سے تیندوا نمودار ہو رہا ہے جس کی وجہ سے لوگوں میں خوف کا ماحول ہے اور لوگ گھروں کے اندر ہی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ تیندوا نزدیکی پہاڈیوں سے نکل کر آتا ہے اور اس کے حملے کے خدشے کی وجہ سے پورے گاو¿ں میں لوگ ڈرے سہمے رہتے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق تیندوے کی موجودگی سے ایک وسیع آبادی کے معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف سے گزارش کی کہ تیندوے کو پکڑنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ عام لوگ راحت کی سانس لے سکیں۔