سری نگر /13جنوری2025ئلیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” سونہ مرگ ٹنل کے اِفتتاح کے ساتھ ہی جموںوکشمیر کی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہوا ہے ۔میں وزیر اعظم نریندر مودی جی کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی کے لوگوں کے خوابوں اور اُمنگوں کو پورا کیا اور ایک ایسا ماحول بنایا ہے جو عام آدمی کوپروان چڑھنے اور باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنا رہا ہے۔“اُنہوں نے کہا کہ سونہ مرگ ٹنل جموں و کشمیر کے لئے”بھاگیہ ریکھا“ یعنی لائف لائن ہے جو خوبصورت سونہ مرگ سے سال بھر رابطے کو ممکن بناتی ہے۔ یہ مقامی معیشت اورسرمائی سیاحت کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا اور خطے میں معاش اور تجارت کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،” وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔اُنہوں نے اندھیروںسے نکل کر لوگوں کی زندگی میں اُمید کی کرن پیدا کی ہے۔ کتابوں میں جموں و کشمیر کا ذکر جنت کے طور پر کیا گیا ہے اور اُنہوں نے اسے حقیقت بنایا ہے۔ آج دہشت گردی کے بجائے سیاحت پر بات ہو رہی ہے۔“اُنہوں نے کہا کہ یہ زمینی منصوبہ جموںوکشمیر یوٹی کی تیز رفتار اور جامع ترقی کے لئے حکومت کے عزم کا ثبوت ہے۔ اِس ٹنل کے کھلنے سے نہ صرف سونہ مرگ میں سیاحتی شعبے کی قسمت بدل جائے گی بلکہ اِس علاقے کی سماجی اور معاشی حالت بھی بدل جائے گی۔