جموں /17جنوری2025ئوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے راجوری ضلع کے بدھل گاو¿ں کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ، جہاں پُراسرار اموات نے 16 لوگوں کی جان لے لی ہے جبکہ اِس نامعلوم بیمار ی کی وجہ سے ایک اور متاثرہ شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ میٹنگ میں وزیر صحت و طبی تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو،،وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اَتل ڈولو، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، اے ڈِی جی پی جموں آنند جین،صوبائی کمشنر جموں رمیش کمار، سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر سیّد عابد رشید شاہ اور دیگر سینئر میڈیکل اور پولیس اَفسران نے شرکت کی۔سیکرٹری صحت و طبی تعلیم نے وزیراعلیٰ کو اَب تک کئے گئے اَقدامات سے آگاہ کیا۔اُنہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیموں نے متاثرہ علاقے میںزائد اَز 3,000 رہائشیوں کا گھر گھر جا کر سروے کیا، پانی، خوراک اور دیگر مواد کے نمونے جمع کئے اور اُن کی جانچ کی۔اُنہوں نے بتایا کہ اِنفلوئنزا اور دیگر ممکنہ آلودگی سمیت تمام ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔میٹنگ کو جانکاری دی گئی کہ آئی سی ایم آر، نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف وائرولوجی، نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول، سی ایس آئی آر، ڈِی آر ڈِی او اور پی جی آئی ایم ای آر چندی گڑھ سمیت اہم قومی اِداروں کی جانب سے اِضافی جانچ کی گئی لیکن اَموات کی کوئی خاص وجہ نہیں بتائی گئی۔