گاندربل/09فروری2025ئممبر قانون ساز اسمبلی کنگن نے صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بدھوری اور ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل جِتن کشور کے ساتھ پرانے بازار سونہ مرگ میں رات بھرآگ لگنے کے خوفناک واقعے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے اور متاثر دُکانداروں کے ساتھ اِظہار یکجہتی کرنے کے لئے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ اُنہوں نے اَپنے دورے کے دوران دُکاندار ایسوسی ایشن سونہ مرگ کے ساتھ بات چیت کی اور یو ٹی اِنتظامیہ کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔بعد اَزاں سونہ مرگ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ ایک میٹنگ منعقدہوئی جس میں ایس ایس پی گاندربل، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ایس ڈی ایم کنگن، سی اِی او ایس ڈی اے اور دیگر ضلعی اَفسروں نے شرکت کی تاکہ متاثرہ تاجروں کے مسائل کو دور کیا جاسکے ۔مارکیٹ ایسوسی ایشن نے متعدد مطالبات اُٹھائے جن میںدُکانوں کی تعمیر نو کے لئے فوری اِمداد اور اِجازت اورمستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لئے سونہ مرگ میں فائر سروس سٹیشن کاقیام شامل ہے۔اِس موقعہ پرصوبائی کمشنر کشمیر نے اے ڈی فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کو ہدایت دی کہ وہ یوتھ ہوسٹل سونہ مرگ اورسونہ مرگ ٹنل کے قریب مستقل فائر سٹیشن قائم ہونے تک عارضی اَقدامات کے طور پر مناسب اَفرادی قوت کے ساتھ فائر ٹینڈر تعینات کریں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل نے صوبائی کمشنر کشمیر کو نقصانات کے تخمینے کے بارے میں بریف کیا اور اِس بات کی تصدیق کی کہ فوری اِمداد کی سہولیت کے لئے حتمی رِپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے گی۔
اِس کے علاوہ صوبائی کمشنر کشمیر نے مستقبل کے خطرات کو کم کرنے کے لئے سونہ مرگ میں تمام اِداروں کے فائر سیفٹی آڈِٹ کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے ہوٹل مالکان اور دُکانداروں پر زور دیا کہ وہ اَحتیاطی تدابیر کے طور پر اَپنے اِداروں کو آگ بجھانے والے آلات سے لیس کریں۔
صوبائی کمشنر موصوف نے یقین دِلایا کہ اِنتظامیہ سونہ مرگ میں تاجرکمیونٹی کی مدد کرنے اور اِس ناخوشگوار واقعے سے اُن کی جلد بازیابی کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔
اُنہوں نے دُکانداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ نے سونہ مرگ میں فائر سیفٹی اِنفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے اَپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے جس میں مستقبل میں ایمرجنسی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کو یقینی بنانے کے لئے مستقل فائر سروس سٹیشن کے لئے پہلے ہی زمین کی نشاندہی کی گئی ہے۔