جموں/09فروری2025ئلیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہانے آگرہ کے ڈاکٹر کرن سنگھ اِنٹر کالج میں آل اِنڈیا گالو پوروا تیاگی برہمن مہاسبھا کے 46 ویں قومی کنونشن سے خطاب کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے کلیدی خطاب میں لوگوںپر زور دیا کہ وہ جدید ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے کے لئے کام کریں۔اُنہوں نے کہا،” ہمیں اَپنی امیر ثقافت کا تحفظ اور فروغ دینا چاہیے، تعلیم میں اِصلاحات کے لئے کوشش کرنی چاہیے، نوجوانوں کو بااِختیار بنانا چاہیے۔“لیفٹیننٹ گورنرنے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حکومت اور عوام کے درمیان پُل کا رول اَدا کریں اور ملک میں معاشی ترقی اور سماجی تبدیلی کو آگے بڑھائیں۔اُنہوں نے کہا ،” نوجوان ہماری سب سے بڑی دولت اور طاقت ہیں۔ میں یہ بھی چاہتا ہوں کہ ہمارے نوجوان پسماندہ لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے اور بھائی چارے اور ہم آہنگی کے نظریات کی بنیاد کو مضبوط کرنے کے لئے لگن کے ساتھ کام کریں۔“لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے چیلنجوں کا حل فراہم کرنے کے لئے پُرعزم رہیں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے ممتاز مجاہدین آزادی اور سیاسی شخصیات کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے اَپنی پوری زندگی ملک کی بے لوث خدمت کے لئے وقف کی۔اُنہوں نے قوم کی تعمیر میں خواتین اور نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے میں سماجی تنظیموں کے اہم رول پر بھی روشنی ڈالی۔