سری نگر :۲۱ ،مارچ: : جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے بدھ کے روز کہا کہ گلمرگ کے خوبصورت سکی ریزورٹ میں بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کی ضرورت ہے تاکہ اسے اسکائیرز کے لئے عالمی معیار کی منزل بنایا جا سکے۔جے کے این ایس کے مطابق وزیر اعلیٰ جو کہ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے 5ویں ایڈیشن کے اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے گلمرگ میں تھے،نے بدھ کو ایک سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہاکہ ’یہ سچ ہے کہ سرمائی کھیلوں کے انعقاد کےلئے گلمرگ کا کوئی مقابلہ نہیں ہے ۔انہوںمزید کہا کہ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں کھیلوں کو بڑے پیمانے پر منظم کیا جا سکے اور اسے اسکائیرز کے لیے عالمی معیار کی منزل بنایا جا سکے۔عمرعبداللہ نے کہا کہ یہ لگاتار پانچواں سال ہے جب گلمرگ کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ اس سے پہلے یہ نہیں دیکھا گیا تھا کہ اس سال گلمرگ کی ڈھلوانوں پر کم برف باری کی وجہ سے یہ کھیل ممکن ہوئے ہوں۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا،کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ گلمرگ میں کافی برف باری ہوئی اور ہم ان گیمز کا انعقاد کر سکے جس میں ملک بھر سے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔انہوں نے کہاکہ ہم مقامی اسکائیرز کی مدد کرکے اور انہیں تربیت فراہم کرکے ان کی ترقی چاہتے ہیں اور اس سال ہم ایک ٹرینر سے مشورہ کرنے جارہے ہیں اور گلمرگ، سونمرگ اور دودپتھری کو اسکیئنگ کورسز کے لیے تیار کریں گے۔