پلوامہ/15اپریل2025ئ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز پلوامہ ضلع میں 50 میٹرطویل اہم رہمو پُل کا اِفتتاح کیا جو شوپیاں، کولگام اور پلوامہ اَضلاع کو دارالخلافائی شہر سری نگر سے جوڑتا ہے۔محکمہ تعمیرات ِ عامہ ( روڈز اینڈ بلڈنگز) نے یہ پُل جہلم توی فلڈ ریکوری پروجیکٹ (جے ٹی ایف آر پی) کے تحت عالمی بینک کی مالی اعانت سے 25.97 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا ہے۔ پُل سے رہمو، متریگام، پکھرپورہ، زاگیگام، پترگام، تُجن، میرگنڈ، ٹھوکرپورہ، تِلسر، چرارِ شریف، یوسمرگ، کمرازی پورہ اور دیگر ملحقہ دیہاتوں کے زائد اَز 80,000 اَفراد مستفید ہوں گے۔اِس موقعہ پر وزیر اعلیٰ نے ایک بڑے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہمو پُل شروع ہونے سے جنوبی کشمیر کی ایک بڑی آبادی کا دیرینہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ پُل جنوبی کشمیر کو سری نگر بالخصوص چرارِ شریف، پکھرپورہ اور بڈگام ضلع کے دیگر علاقوں سے رابطے کو نمایاں طور پر فروغ دے گا۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا،”ہم اِنتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے ۔“اُنہوں نے ریاستی درجہ کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا،”ریاستی درجہ ہمارا ہدف نہیں بلکہ ایک بنیادی شرط ہے تاکہ ہم گزشتہ چھ سے سات برسوں میں جو کچھ کھو بیٹھے، اسے دوبارہ حاصل کرنے کا عمل شروع کر سکیں۔“ اُنہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ ان کی عزتِ نفس کی بحالی اور شناخت کے تحفظ کے لئے ہے۔