سرینگر:۵۱،اپریل: : اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے منگل کو کہا کہ سال 2025 کےلئے ہندوستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 75 ہزار 25عازمین پر مشتمل ہے، جو کہ2024میں نریندرمودی کے پہلی مرتبہ وزیراعظم بننے کے وقت ایک لاکھ36ہزار20تھا ۔ اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے مزید کہا کہ تمام ضروری تیاریاں، پروازیں، ٹرانسپورٹ، مینا کیمپ، رہائش اور خدمات، سعودی رہنما خطوط کے مطابق مکمل کر لی گئی ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق سماجی رابط گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں، اقلیتی امور کی وزارت نے کہاکہ حکومت ہند ہندوستانی مسلمانوں کےلئے حج کی سہولت فراہم کرنے کو اعلیٰ ترجیح دیتی ہے۔بیان کے مطابق مرکزی حکومت کی مسلسل کوششوں کی وجہ سے، ہندوستان کا حج کوٹہ 2014میں ایک لاکھ36ہزار20 سے بڑھ کر 2025 میں ایک لاکھ75ہزار25 ہو گیا ہے جسے سعودی حکام نے سالانہ حتمی شکل دی ہے۔اقلیتی امور کی وزارت ، حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے، مرکزی کوٹے کے تحت رواں سال ایک لاکھ22ہزار518 عازمین کے لیے انتظامات کر رہی ہے۔ وزارت نے مزید کہاکہ تمام ضروری تیاریاں بشمول پروازیں، ٹرانسپورٹ، مینا کیمپ، رہائش، اور خدمات – سعودی رہنما خطوط کے مطابق مکمل کی گئی تھیں۔وزارت نے بتایا کہ باقی کوٹہ 26 کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرز کو الاٹ کیا گیا تھا۔بیان کے مطابق بقیہ حج کوٹہ حسب روایت پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کو دیا گیا۔ وزارت نے کہاکہ تازہ ترین سعودی اصولوں کی وجہ سے، اقلیتی امور کی مرکزی وزارت نے800 سے زیادہ آپریٹرز کو 26 کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرز میں اکٹھا کیا، اور ان کے لیے پہلے سے کوٹہ مختص کر دیا ۔تاہم، کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرز اہم سعودی ڈیڈ لائن کو پورا کرنے میں ناکام رہے اور بار بار یاد دہانیوں کے باوجود مینا کیمپ، رہائش، اور نقل و حمل کے لیے مطلوبہ معاہدوں کو حتمی شکل نہیں دے سکے۔وزارت نے یہ بھی ذکر کیا کہ ہندوستان نے سعودی عرب کی حکومت کےساتھ وزارتی سطح پر رہائش کو محفوظ بنانے کے لیے مصروف عمل ہے۔حکومت ہند سعودی حکام کے ساتھ متعدد سطحوں بشمول وزارتی سطح پر مصروف عمل ہے۔سعودی وزارت حج نے خاص طور پر منیٰ میں شدید گرمی اور محدود جگہ کے پیش نظر حاجیوں کی حفاظت کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔سعودی فریق نے بتایا کہ تاخیر کی وجہ سے مینا کی جگہ پر پہلے ہی قبضہ ہے اور اس سال کسی بھی ملک کو ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کی جائے گی۔سعودی وزارت حج نے اب 10ہزار عازمین حج کے لیے حج پورٹل کو دوبارہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔حکومت کی مداخلت کی بدولت، سعودی وزارت حج نے منیٰ میں موجودہ دستیابی کی بنیاد پر 10ہزار عازمین حج کو ایڈجسٹ کرنے کےلئے کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرز کے لیے حج (نسک) پورٹل کو دوبارہ کھولنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اقلیتی امور کی وزارت نے کمبائنڈ حج گروپ آپریٹرز کو فوری ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ بلا تاخیر اپنا عمل مکمل کریں۔بیان میں کہا گیاکہ مزید حاجیوں کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے سعودی حکام کی طرف سے کسی بھی مزید اشارے کی ہندوستان تعریف کرتا ہے۔اس سال حج 4 جون سے 9 جون 2025 کے درمیان متوقع ہے۔