جموں/17اپریل2025ئلیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ڈوڈہ، کشتواڑ اور بھدرواہ میں تین مقامات پر جاری ہفتہ بھر کے میگا سرجیکل کیمپ کا اِفتتاح کیا۔ یہ کیمپ روٹری انٹرنیشنل کے زیر اہتمام ڈوڈہ اور کشتواڑ کی ضلعی اِنتظامیہ اور محکمہ صحت و طبی تعلیم کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔کیمپ میں جنرل اور سپر سپیشیلٹی سرجریز کی جائیں گی جنہیں مختلف شعبوں کے ماہر اور تجربہ کار ڈاکٹروں کی ٹیم انجام دے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے ایس ڈی ایچ بھدرواہ میں اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روٹری اِنٹرنیشنل کے اراکین، ضلعی اِنتظامیہ، محکمہ صحت و طبی تعلیم، ڈاکٹروں، نرسنگ سٹاف، رضاکاروں اور دیگر تمام متعلقہ اَفراد کو اس عظیم خدمت پر مُبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ،”سب کے لئے صحت میری اوّلین ترجیح ہے۔ جموں و کشمیر کی اِنتظامیہ نے گزشتہ چند برسوں میں اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہر شہری کو مو¿ثر اور معیاری طبی خدمات میسر ہوں۔ ہم نے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا ہے اور صحت کی بروقت فراہمی کے لئے ضروری خدمات میں سرمایہ کاری کی ہے۔“