کٹھوعہ/19اپریل2025ئوزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کٹھوعہ میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ کے ساتھ مشترکہ طور پر ایک کثیر منزلہ میونسپل پارکنگ کمپلیکس کا اِفتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی ترقی مرکزی اور جموںوکشمیر حکومت کے باہمی تعاون میں مضمرہے۔اِس تقریب میںچیئرپرسن ضلع ترقیاتی کونسل ، کٹھوعہ، جسروٹہ، ہیرا نگر اور بنی حلقوں کے ممبران اسمبلی، کمشنرمکانات و شہری ترقی محکمہ، ضلع ترقیاتی کمشنر کٹھوعہ اور دیگر سینئر اَفسران نے بھی شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے عوامی اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کی اوّلین ترجیح عوام کو صاف پانی، بجلی، بہتر سڑکیں، صحت سہولیات اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے۔ اُنہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں و کشمیر کی بہتر مستقبل کے لئے وہ مرکزی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔عمر عبداللہ نے گورننس میں تسلسل کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا ،” میری ترجیح پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کرنا اور ترقی کی جاری رفتار کو برقرار رکھنا ہے۔“اُنہوں نے سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کی یاد میں اعلان کردہ ایک بڑے منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی حکومت اس وژن کو حقیقت بنانے کے لئے مرکز ی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرے گی ۔اُنہوں نے کہا،”ہم جموں و کشمیر میں ایسی عالمی معیار کی بنیادی سہولیات تعمیر کریں گے کہ لوگ مستقبل میں آئی پی ایل میچز ٹی وی پر نہیں بلکہ یہاں آ کر براہ راست دیکھ سکیں گے۔“وزیرا علیٰ نے شہریوں سے نئی افتتاحی سہولیت سے استفادہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا، ”براہ کرم اس پارکنگ کمپلیکس کا اِستعمال کریں ۔ یہ یقینی بناتا ہے کہ آپ کی گاڑی صاف ستھری اور محفوظ رہے گی۔ آئیے ہم سب اس جدید انفراسٹرکچر سے فائدہ اُٹھائیں۔“