سری نگر:۴۲، اپریل: : مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے جمعرات کو یہاں راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی،جس کے دوران پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد جموں وکشمیرکی تازہ سیکورٹی صورتحال پرتبادلہ خیا ل کیاگیا جبکہ مرکزی وزراءنے صدرجمہوریہ کو کابینہ کی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں لئے فیصلوںکی جانکاری بھی دی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ میٹنگ جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں ہوئی ہے جس میں26 افراد جن میں زیادہ تر سیاح تھے اور ایک نیپالی شہری بھی شامل تھے، کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔ صدرجمہوریہ کے دفتر نے میٹنگ کی تصویر کےساتھ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا،کہ مرکزی وزیر داخلہ اور تعاون امت شاہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔دونوں سینئر وزراءنے صدر جمہوریہ کو بتایاکہ مرکزی حکومت نے جموں وکشمیر میں دہشت گردی کا مکمل صفایاکرنے کیلئے زیرﺅ ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے اور ہماری سیکورٹی فورسزاسی پالیسی کے تحت دہشت گردوں اوردہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں ۔میڈیارپورٹس کے مطابق میٹنگ کے دوران سینئر مرکزی وزراءنے کابینہ کی سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں لئے فیصلوںکی جانکاری بھی فراہم کی ۔