سرینگر /وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ فی الحال توجہ میلہ خیرباوانی اور سالانہ امرانتھ یاترا کو ہموار اور کامیاب بنانے پر ہے۔منگل کووسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت امرناتھ یاترا اور میلہ کھیر بھوانی کے محفوظ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔عمر عبداللہ نے کہا کہ سول انتظامیہ مناسب انتظامات کر رہی ہے جبکہ میلہ کھیر بھوانی اور امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے حفاظتی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق انہوں نے کہا کہ سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ہے لیکن فی الحال صورتحال ایسی نہیں ہے کہ اس شعبے کو دوبارہ بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا، "ایک بار امرناتھ یاترا ختم ہونے کے بعد، حکومت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھے گی اور سیاحت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے آنے والے ٹور آپریٹرز بھی چاہتے ہیں کہ یہاں دوبارہ سیاحت کو فروغ ملے۔ "کچھ گروپوں نے دوبارہ آنا شروع کر دیا ہے۔ یاترا کے اختتام پر بحالی کے اقدامات کیے جائیں گے۔