سری نگر/وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں صوبہ کشمیر میں صحت بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں پر جاری کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں جے اینڈ کے ہاو¿سنگ بورڈ اور پولیس ہاو¿سنگ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹران، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی نارتھ کشمیر، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیراور مکینیکل و ہسپتال اِنجینئرنگ محکمہ جات کے نمائندگان ، متعلقہ اَفسران اور پروجیکٹوں پر عمل آوری ایجنسیوں کے دیگر اَفسران نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے ہر ضلع میں پروجیکٹوںکی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اُنہوں نے بالخصوص دُور دراز اور برفانی علاقوں میں منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے کہا،”یہ صرف بنیادی ڈھانچے کی بات نہیں بلکہ اِنسانی جانوں کے تحفظ کا معاملہ ہے۔ ہم ان علاقوں میں صحت سہولیات کی فراہمی میں سردیوں کے دوران کسی بھی قسم کی تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے۔“اُنہوں نے تمام عمل آوری ایجنسیوںکو ہدایت دی کہ وہ کام کی رفتار کو مزید تیز کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ نئے ہیلتھ سینٹروں کی تعمیر اور موجودہ سہولیات کی اَپ گریڈیشن جیسے منصوبے مقررہ وقت میں مکمل ہوں کیوں کہ کشمیر میں کام کا سیزن محدود ہوتا ہے۔