سری نگر/02جولائی2025ئمرکزی وزیر برائے ماہی پروری ، مویشی پالن اور ڈیری راجیورنجن سنگھ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج سری نگر سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر کے مویشی پالن اور ماہی پروری کے شعبوں کی ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی مشترکہ طور پر صدارت کی۔میٹنگ میں وزیر زرعی پیداوار و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، مرکزی سیکرٹری الکا اپادھیائے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھیرج گپتا، ایڈیشنل سیکرٹری(سی ڈی ڈی/آئی ٹی)اور ماہی پروری، مویشی پالن و ڈیری کی وزارت کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔اِس کے علاوہ میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری ایگری کلچر پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ شیلندر کمارسکاسٹ کے اور سکاسٹ جے کے وائس چانسلران اور متعلقہ محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔مرکزی وزیر موصوف نے میٹنگ میں جموں و کشمیر کے مویشی اور ماہی پروری کے شعبوں میں بے پناہ پوشیدہ صلاحیتوں پر زور دیا اور مرکز کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اُنہوں نے کہا،”ہم آج یہاں آپ کی بات سننے، آپ کے مسائل سمجھنے اور مل کر کام کرنے کے لئے موجود ہیں۔ جہاں امکانات ہوں، وہاں عمل ہونا چاہیے۔“اُنہوں نے مرکز اور حکومت جموں و کشمیر کے مابین مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ موجودہ صلاحیتوں کو نتائج میں بدلا جا سکے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ دیہی خوشحالی تبھی ممکن ہے جب اِقتصادی ترقی دیرپا معاش کے ذریعے نچلی سطح تک پہنچے۔