سری نگر/04جولائی2025ئمرکزی سیکرٹری محکمہ زراعت وبہبودِ کساناں دیویش چترویدی نے آج وادی کشمیر میں اہم زرعی اداروں اور مراکز کا دورہ کیا تاکہ جاری منصوبوں کا جائزہ لیا جا سکے اور اِس شعبے کو مضبوط بنانے کے راستے تلاش کئے جا سکیں۔دیو یش چتر ویدی نے اپنے دورے کے دوران پانپور میں قائم اِنڈین انٹرنیشنل کشمیر زعفران ٹریڈ سینٹر (آئی آئی کے ایس ٹی سی) کا معائینہ کیااور اُنہوں نے کٹائی کے بعد کی پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے بنیادی ڈھانچے کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے زعفران کاشتکاروں کی مدد کے لئے متعارف جدید ٹیکنالوجی کی سراہنا کی اور کسانوں کو بہتر قیمت دلوانے کے لئے برانڈنگ اور مارکیٹنگ کی اہمیت پر زور دیا۔اِس موقعہ پرسیکرٹری کے ہمراہ ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بشارت قیوم ، ڈائریکٹر ہارٹی کلچر وکاس آنند، ڈائریکٹر ایگری کلچر سرتاج احمد شاہ، محکمہ زراعت کے سینئر افسران اور سائنسدان بھی تھے۔مرکزی سیکرٹری نے لال منڈی میں واقع شہد کی جانچ کی لیبارٹری کا بھی دورہ کیااور اُنہوں نے وہاںشہد کی مصنوعات کے معیار، ویلیو ایڈیشن اور سرٹیفکیشن سے متعلق سہولیات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے لئے معیار کی یقین دہانی، سرٹیفکیشن اور ٹریس ایبلٹی کی اہمیت پر زور دیا۔