ڈوڈہ/21 نومبر2024ئضلع ترقیاتی کمشنر ہر ویندر سنگھ نے پنچایت الیکٹورل رول رویژن ۔2025میں اہل رائے دہندگان کے اِندراج کو آسان بنانے کے مقصد سے آج ڈی سی آفس کمپلیکس سے ایک مخصوص ووٹر رجسٹریشن وین کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔یہ اَقدام خصوصی نظرثانی کے عمل کا حصہ ہے جس میں ووٹر کی اہلیت کا تعین کرنے کے لئے یکم جنوری 2025ءکو کوالیفائنگ تاریخ مقرر کی گئی ہے۔یہ وین ضلع بھر میں مختلف پنچایتوں کا دورہ کرے گی اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ آئندہ پنچایت اِنتخابات کے لئے کوئی بھی اہل شہری غیر رجسٹرڈ نہ رہ جائے۔تقریب کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنرکے ہمراہ ایڈیشنل ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پران سنگھ ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سدرشن کمار، چیف پلاننگ آفیسر منیش کمار منہاس ،ڈپٹی ڈِسٹرکٹ الیکشن آفیسر اوم پرکاش اور دیگر ضلعی افسران اور اہلکار بھی تھے۔ اُن کی اجتماعی موجودگی نے رائے دہندگان کی شرکت کو بڑھانے اور نظرثانی کے ایک آسان اور جامع عمل کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی اِنتظامیہ کے عزم کو اُجاگر کیا۔ووٹر رجسٹریشن وین ضروری وسائل اور تربیت یافتہ عملہ کے ساتھ لیس ہے تاکہ شہریوں کو ان کی تفصیلات کی تصدیق کرنے ، غلطیوں کو درست کرنے اور نئے رائے دہندگان کا اِندراج کرنے میں مدد مل سکے۔ اِنتخابی عمل میں شمولیت کو فروغ دینے کے لئے حال ہی میں 18 سال کے ہونے والے نوجوان رائے دہندگان اور دیگر پسماندہ گروہوں کے اندراج پر خصوصی زور دیا جارہا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر ہرویندر سنگھ نے تمام اہل باشندگان پر زور دیا کہ وہ اس موقعے سے فائدہ اُٹھائیں اور نچلی سطح کی جمہوریت میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔
یہ مہم انتظامیہ کی جانب سے جمہوری اِداروں کو مضبوط بنانے میں ووٹنگ کی اہمیت کے بارے میں بیداری کو فروغ دینے کی وسیع تر کوشش کا حصہ تھی۔ اِس طرح کے اَقدامات سے ضلع کا مقصد شراکتی حکمرانی اور شفاف اِنتخابی طریقوں کی ایک مثال قائم کرنا ہے۔