سری نگر:۱۲، نومبر: : کم عمر بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش میں، کشمیر وادی اورجموں کے پٹرول پمپوں نے پوسٹر لگائے ہیں جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ نابالغوں کی طرف سے چلائی جانے والی گاڑیوں کےلئے ایندھن نہیں۔جے کے این ایس کے مطابق کشمیر اور جموں کے ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن نے الگ الگ مگریکسان سرکیولر جاری کیاہے جس میں نابالغ طلباءوطالبات کو 2پہیہ یا4پہیہ گاڑیاں چلانے سے منع کیا گیا ہے۔تمام تعلیمی ادارو ں بشمول سرکاری اور نجی اسکولوں نیزکوچنگ سینٹرزکے سربراہان سے کہاگیاہے کہ وہ کسی بھی طالب علم کوپہیہ یا4پہیہ گاڑی کیساتھ اسکول احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔اس ہدایت پر تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان اور منتظمین کی جانب سے عمل درآمد کے بعد اب پیٹرول پمپ مالکان نے بھی اس اہم مہم میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے نابالغوں کو ایندھن فراہم سے انکار کردیاہے ۔کشمیرمیں پیٹرول پمپ مالکان نے اس حوالے سے دوروز قبل باضابطہ ہدایت کیساتھ اپنے یہاں پوسٹر چسپاں کردئیے ،جن پر لکھاگیاہے کہ بچوں اور بچیوں کیلئے پیٹرول اور نہ ڈیزل۔پیٹرول پمپ کے ایک ملازمین کہتے ہیں کہ پوسٹر، جس میں خاص طور پر کم سن بچوں یا نوعمر لڑکوں لڑکیوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جو بغیر ہیلمٹ یا فور وہیلر کے دو پہیوں پر سوار ہیں، اس کا مقصد بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔گزشتہ دنوں سری نگر بائی پاس روڈ پر ٹینگہ پورہ کے نزدیک ایک تھار گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے نتیجے میں دونوعمرطالب علم جاں بحق ہوگئے جبکہ اُن کا تیسرا ساتھی شدیدزخمی ہوگیا ۔اس المناک حادثے کے بعد ٹریفک پولیس نے سری نگر کیساتھ ساتھ کشمیر کے سبھی دس اضلاع میں کم عمر ڈرائیونگ پر قابو پانے کی ایک زوردار مہم شروع کردی جبکہ یہ انتباہ بھی جاری کیاگیاکہ جس کسی نوعمر یانابالغ کو گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا جائے گا ،اُس کے والد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائےگی۔ٹریفک پولیس نے جاری مہم کے دوران ابتک 2000سے زیادہ دوپہیہ گاڑیاں یعنی اسکوٹی ،اسکوٹر اورموٹر سائیکل ضبط کئے ہیں ۔ٹینگ پورہ سانحہ نے وادی میں نابالغوں کی ڈرائیونگ اور سڑک کی حفاظت پر بحث چھیڑ دی۔ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کشمیر نے نابالغ طالب علموں کو موٹر گاڑیاں چلانے سے منع کرنے کا حکم جاری کیا، جس میں دو پہیہ اور چار پہیہ گاڑیاں شامل ہیں،۔جاری کردہ حکم نامے میں کہاگیاکہ یہ نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ کم عمر طلباءوطالبات اسکولوں یا کوچنگ سینٹرز جاتے ہوئے گاڑیاں چلا رہے ہیں۔اب ڈائریکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن جموںنے جمعرات کو جاری کردہ ایک سرکیولر میں کہا کہ اس طرح کی حرکت سے سڑک حادثات، عوامی تحفظ کو خطرے میں ڈالنے اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعات کی بھی خلاف ورزی کا امکان ہے۔اس میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ بالا کو دیکھتے ہوئے، تمام سرکاری اور نجی اسکولوں اور کوچنگ سینٹرز کے سربراہان سے ان ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ انہیں اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کڑی نظر رکھنی چاہیے کہ کسی بھی کم عمر طالب علم کو دو پہیہ یا چار پہیوں سمیت موٹر گاڑی چلاتے ہوئے ادارے میں جانے کی اجازت نہ ہو۔سرکیولر میں مزید کہاگیا ہے کہ ایسے طلباءکو داخلے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور ان کے والدین کو اس کے مطابق مطلع کیا جانا چاہیے۔