سری نگر/28 نومبر2024ئوزیربرائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم محترمہ سکینہ اِیتو نے آج یہاں ضلع سری نگر کے حضرت بل حلقہ کاتفصیلی دورہ کیا اور عوامی اہمیت کے متعدد اِداروں کا معائینہ کیا۔اِس دُورے کا مقصد حضرت بل کے کئی اہم صحت اور تعلیمی اِداروں جیسے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) حبک ، گورنمنٹ مڈل سکول حبک، این ٹی پی ایچ سی زکورہ اور گورنمنٹ سکول زکورہ کا احاطہ کرنا تھا جس کا مقصد اِن سرکاری اِداروں کی صورتحال کا جائزہ لینا اور مزید بہتری کے لئے موقعے پر رائے حاصل کرنا تھا۔وزیر موصوفہ نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال زکورہ میں سہولیت کا تفصیلی معائینہ کیا اور بنیادی ڈھانچے، مریضوں کی سہولیات اور طبی آلات کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی ماہرین سمیت طبی عملے سے اِستفساری گفتگو کی تاکہ ان کے مسائل اور ضروریات کو سمجھا جاسکے۔ اِس موقعہ پر موجود طبی عملے نے وزیر موصوفہ کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے بارے میں بتایا اور ہسپتال سے متعلق متعدد معاملات کو بھی اُجاگر کیا۔اُنہوں نے ہسپتال کے اِضافی بلاک کی تعمیر میں روک کے معاملے پر بھی بات کی ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اور وِی سی ایل سی ایم اے کو ہدایت دی کہ وہ دیگر شراکت داروں کے ساتھ مِل کر مسائل کو حل کریں اور پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لئے جلد اَز جلد کام کو دوبارہ شروع کریں۔وزیر موصوفہ نے ہسپتال کے دورے کے موقعے پر مقامی لوگوں کے اِجتماع سے بھی خطاب کیا۔