جموں 7 دسمبر 2024 ئ جموں و کشمیر میں آج مسلح افواج کا پرچم دن منایا گیا ۔ اس موقع پر راج بھون میں لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا کو مسلح افواج کا جھنڈا پیش کیا گیا ۔ لفٹینٹ گورنر نے بہادر سپاہیوں ، ملاحوں اور فضائیہ کے جوانوں کی بہادری اور عظیم قربانی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے مسلح افواج کے فلیگ ڈے فنڈ میں حصہ ڈال کر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج ہمیشہ پیش پیش رہی ہیں ، ہمیشہ عزم ، لگن کے ساتھ قوم کی خدمت کیلئے تیار ہیں اور قدرتی آفات کے دوران گراں قدر خدمات انجام دینے کیلئے تیار ہیں ۔ جموں کشمیر میں فوج دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور لوگوں کیلئے ایک محفوظ ماحول فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے ، خاص طور پر ان لوگوں کیلئے جو سرحدوں کے ساتھ اور یو ٹی کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہتے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا ہماری مسلح افواج کے بے پناہ تعاون کے ساتھ ہم سماجی و اقتصادی ترقی کے ایک تاریخی تیز رفتار راستے میں داخل ہو گئے ہیں اور اس بات کو یقینی بنانے کیلئے لگن کے ساتھ کام کر رہے ہیں کہ ترقی کے ثمرات یو ٹی کے ہر علاقے تک پہنچیں ۔