جموں/23دسمبر2024ئنائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے معیاری تعلیم کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ یہ نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط کا احساس بھی پیدا کرتا ہے۔اُنہوں نے کہا ،” تعلیم نہ صرف نظم و ضبط پیدا کرتی ہے بلکہ نوجوانوں کی روحانی نشوونما میں بھی مدد کرتی ہے جو ایک قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بناتی ہے۔“ اِن باتوں کا اِظہارنائب وزیرا علیٰ نے آج یہاں سینک سکول نگروٹہ کے سالانہ دِن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کئی دہائیوں سے معیاری تعلیم فراہم کرنے پر سکول کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اِدارہ ہماری نوجوانوں کے مستقبل کی تشکیل میں اہم کردار اَدا کر رہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اِدارے کے فارغ التحصیل ہونے والوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں اَپنا ایک مقام بنایا ہے۔نائب وزیرا علیٰ نے نوجوانوں سے تعلیمی سرگرمیوں کے حصول میں اَپنا بھرپور رول اَدا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں ان رُجحانات سے متاثر نہیں ہونا چاہئے جو ان کی صحت اور مستقبل کے لئے نقصان دہ ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس کے بجائے اُنہیں اَپنی قوم کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے میں اپنی توانائیاں اور وقت صرف کرنا چاہیے۔
تقریب کا آغاز سینک سکول نگروٹہ کے مخصوص انداز میں مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر پیش کرنے سے ہوا جو نظم و ضبط اور درستگی کی عکاسی کرتا ہے۔