لداخ، 13 جنوری ۔ایم این این۔ ریلائنس جیونے دنیا کے بلند ترین میدان جنگ میں اپنی 5G سروس شروع کردی ہے۔ ہندوستانی فوج کی فائر اینڈ فیوری کور’ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے یہ اطلاع دی۔ فوج کے مطابق جیو ٹیلی کام اور ہندوستانی فوج نے مل کر دنیا کے بلند ترین میدان جنگ سیاچن گلیشیئر پر پہلا 5G موبائل ٹاور کامیابی سے نصب کر دیا ہے۔ اسے سیاچن میں ایک فارورڈ پوسٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ جیونے 15 جنوری کو آرمی ڈے سے عین قبل سیاچن گلیشیر پر 4G اور 5G خدمات شروع کرکے ایک بے مثال کارنامہ انجام دیا ہے۔ جیو سیاچن گلیشیر پر سروس شروع کرنے والا ملک کا پہلا آپریٹر بن گیا ہے۔ اسے ایک شاندار کامیابی قرار دیتے ہوئے، فوج نے کہا، "یہ ناقابل شکست کامیابی ہمارے بہادر سپاہیوں کے لیے وقف ہے جنہوں نے مشکل حالات میں تعیناتی کے دوران اس چیلنج کو پورا کیا۔”اتنی بلندی پر ٹاور کو کھڑا کرنا انتہائی مشکل تھا۔ فوج نے لاجسٹکس سمیت عملے کے ارکان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔ لہذا جیو نے اپنی دیسی فل اسٹیک 5G ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ فائر اینڈ فیوری سگنلرز اور سیاچن واریئرز نے Jio ٹیم کے ساتھ شمالی گلیشیر میں 5G ٹاور نصب کیا۔ ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس علاقے میں درجہ حرارت -50 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر جاتا ہے۔ یہاں اکثر ٹھنڈی ہوائیں اور برفانی طوفان آتے ہیں۔