گاندربل:۳۱، جنوری : لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی کی جموں و کشمیر کو حقیقی جنت میں تبدیل کرنے اور خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سراہا۔ جے کے این ایس کے مطابق وسطی کشمیر میں 6.4 کلومیٹر لمبی زیڈ مورہ سرنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر نے حاصل کی گئی ترقیاتی پیشرفت پر روشنی ڈالی۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے جموں و کشمیر سے دہشت گردی کا صفایا کر دیا ہے اور اسے ایک حقیقی جنت میں تبدیل کر دیا ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ امن، ترقی اور خوشحالی ان کے دور حکومت کی پہچان بن گئی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سرنگ کے افتتاح کو خطے کے لئے گیم چینجر قرار دیا۔ انہوں نے زیڈ مورہ سرنگ کو جموں اور کشمیر کے لیے ایک (لائف لائن) کے طور پر بیان کیا، جس سے دلکش سونمرگ سے سال بھر رابطہ قائم ہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ بے حد فخر کا دن ہے۔ منوج سنہا نے کہا کہ یہ سرنگ رابطے کو فروغ دے گی اور خطے کے لیے اقتصادی مواقع کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ زوجیلا ٹنل، جو سونمرگ کو لداخ سے جوڑے گی،2026 تک مکمل ہونے والی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ایک ایک کرنے کے، آپ کے خوابوں کو ساکر کرنے کا کام وزیراعظم مودی نے کیا ہے۔ مودی جی نے آپ کے خوابوں کو حقیقت میں بدل دیا ہے۔منوج سنہا نے جموں وکشمیرکے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں جموں و کشمیر ترقی اور خوشحالی کی نئی بلندیوں کو حاصل کرے گا۔جموں وکشمیر کی ترقی کے لیے وزیراعظم مودی کی وابستگی کو اجاگر کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنرنے انکشاف کیا کہ فی الحال یونین ٹیریٹری میں1.5 لاکھ کروڑ روپے کے سڑک کے منصوبے چل رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے99 فیصد دیہات پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY) کے ذریعے جوڑے گئے ہیں۔ صرف2024 میں، وزیراعظم مودی نے جموں و کشمیر کا تین بار دورہ کیا، اوریہاں41ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ کشمیر سے کنیا کماری کا خواب حقیقت بننے کے لیے تیار ہے ۔منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے سیاحت کے شعبے میں قابل ذکر ترقی پر بھی زور دیا، جس کا سہرا انہوں نے خطے کے نئے امن اور استحکام کو دیا۔ انہوں نے کہاکہ 2024 میں، 2.35 کروڑ سیاحوں نے جموں و کشمیر کا دورہ کیا، جو جموں و کشمیر کو دہشت گردی کے بجائے سیاحت کے مرکز میں تبدیل کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے، جس سے خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہوئی ہے۔