جموں 29 مارچ 2025 ئ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج کانسٹیبل جگبیر سنگھ کو خراجِ عقیدت پیش کیا جنہوں نے کٹھوعہ میں ملی ٹینٹوں کے ساتھ دو روزہ طویل انکاو¿نٹر کے دوران اپنی جان نچھاور کی ۔ پولیس ہیڈ کوارٹر گلشن گراو¿نڈ جموں میں شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سفیان پولیس پوسٹ کے انچارج ہیڈ کانسٹیبل جگبیر سنگھ کی بہادری اور وطن کیلئے اپنی جان نچھاور کرنے پر سلام پیش کیا ۔ ان کی قربانی کو اعلیٰ درجے کی ذمہ داری کے طور پر بیان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ان کی ہمت اور عزم کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ وزیر اعلیٰ نے ان کی روح کے ابدی سکون کیلئے دعا کی ۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ نے شہید پولیس اہلکاروں بلوندر سنگھ ، طارق احمد ، جسونت سنگھ اور جگبیر سنگھ کے اہل خانہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمارے ان نوجوانوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی ٹینٹوں کے ساتھ آخری دم تک ان کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی قیمتی جانیں نچھاور کر دیں ۔ ان کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ ہم غم کی اس گھڑی میں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔