پلوامہ/02جولائی2025ئ وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتو نے آج پلوامہ کا دورہ کیا اور گورنمنٹ ڈِگری کالج (جی ڈِی سی) پلوامہ میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران ضلع پلوامہ کے مختلف سرکاری اداروں کے نیٹ کے کامیاب طلباء،دسویں اور بارہویں جماعت کے ہونہار طلبا¿ کو مبارک باد دی۔ اِس موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ممبر اسمبلی ترال رفیق احمد نائیک، ممبر قانون ساز اسمبلی زینہ پورہ شوکت حسین گنائی، پرنسپل جی ڈِی سی پلوامہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کشمیر، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر، ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر و امیونائزیشن، ڈائریکٹر آیوش اور ضلعی و تعلیمی محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے وزیر موصوفہ نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے طلباءکی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ اُنہوں نے مشکل حالات کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ اُنہوں نے کہا،”آپ تبدیلی کے علمبردار ہیں اور آپ کی کامیابیاں نہ صرف آپ کے لئے بلکہ پورے علاقے کے لئے ایک روشن مستقبل کی نوید ہیں ۔“