سری نگر :۵،جون: : لوک سبھا انتخابات2024کے نتائج ،جس میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت نہیں مل سکی ،کے بعد بھاجپا کی سربراہی والے اتحادNDAکیلئے ڈبل Nفیصلہ کن عوامل بن چکے ہیں کیونکہ چندربابو نائیڈﺅ اورنتیش کمار کی حمایت کے بغیر مخلوط سرکار کی تشکیل عملاً ناممکن ہے ۔اس دوران معلوم ہواکہ این ڈی اے میں شامل جماعتوں کے سینئر لیڈروں کی ایک اہم میٹنگ نئی دہلی میں بدھ کے روز منعقد ہوئی ،جس میں اگلی یا فیصلہ کن میٹنگ کیلئے 7جون کی تاریخ مقرر کی گئی جبکہ وزیراعظم مودی کی قیادت میں نئی این ڈی اے سرکارکی حلف برداری کیلئے 8جون کی تاریخ پر اتفاق کیاگیا۔جے کے این ایس کے مطابق 4جون کو پارلیمانی انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد این ڈی اے میں شامل جماعتوں کی ایک اہم میٹنگ بدھ کے روز نئی دہلی میں منعقد ہوئی ،جس میں وزیراعظم مودی ، وزیرداخلہ امت شاہ ،وزیردفاع راج ناتھ سنگھ اوربی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ اتحادی جماعتوں بشمول تیلگو دیشم پارٹی کے سربراہ چندر بابو نائیڈﺅ ،جنتا دل یونائٹیڈ کے صدر نتیش کمار۔شیو سینا کے ایک دھڑے کے صدر ایکناتھ شنڈے اور لوک جن شکتی پارٹی کے صدر چراغ پاسوان کے علاوہ دیگر اتحادی لیڈروںنے بھی شرکت کی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ، ممکنہ طور پر’کنگ میکرز‘ تیلگو دیشم پارٹی (TDP) اور جنتا دل یونائیٹڈ (JDU) نے بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) کی قیادت میں قومی جمہوری اتحادNDA کواپنی حمایت کے حوالے سے ہری جھنڈی دے دی ہے۔ معلوم ہواکہ دونوں اتحاد ی جماعتوں ٹی ڈی پی اور جے ڈی یو کے علاوہ لوک جن شکتی پارٹی کے سربراہا ن نے نئی مرکزی سرکار تشکیل دینے کیلئے اپنے مطالبات کو بھاجپا لیڈر شپ کے سامنے رکھا ،جس میں ممکنہ طور پراہم وزارتیں دینے کی بات کہی گئی ہوگی ۔میٹنگ میں نئی سرکار کے خدوخال کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا ۔اور یہ فیصلہ لیاگیا کہ سرکار کی تشکیل اورآئندہ لائحہ عمل کیلئے7جون کو ایک اور میٹنگ کی جائے گی ،جس میں سرکار بنانے کے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی ۔بھاجپا کی سربراہی میں(این ڈی اے) حکومت اور وزیراعظم مودی کی تقریب حلف برداری 8 جون کو ہونے کا امکان ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا انتخابات 2024کے نتائج کے تحت بی جے پی کو 240نشستیں حاصل ہوئی ہیں جبکہ اسکی قیادت والے اتحاد NDAکو کل ملاکر292سیٹیں ملی ہیں ،جن میں ٹی ڈی پی کی16،شیو سینا(شنڈے)کی16،جے ڈی یوکی 12،ایل جے پی کی 5اور این سی پی (اجیت) کو حاصل ایک نشست بھی شامل ہے ۔یوں این ڈی اے کے پاس فی الوقت درکار واضح اکثریت272سے20زیادہ سیٹیں ہیں(ایجنسیاں