سری نگر،راجوری:۴۲، ستمبر:ج: جموں وکشمیرکی 90رُکنی قانون سازاسمبلی کیلئے عام انتخابات 2024کے دوسرے مرحلے میں کشمیرکے15اورجموں خطے کے11اسمبلی حلقوںمیں آج یعنی25ستمبر بروزبدھ کو ہونے والی پولنگ کے پیش نظر سبھی6اضلاع میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔اس مرحلے میں 25 لاکھ78ہزار99 ووٹر اپنے حق رائے دہی کااستعمال کریں گے ،جن میں 18سے19 برس کی عمرکے ایک لاکھ20ہزار سے زیادہ نوجوان ووٹربھی شامل ہیں ،جو پہلی مرتبہ اپنا ووٹ ڈالیں گے ۔ 6اضلاع کے 26حلقوںمیں قائم 3502پولنگ بوتھوں کے گردونواح میں پولیس اور فورسزکے اضافی دستے تعینات رہیں گے ۔دوسرے مرحلے میںحلقہ گاندربل میں سب سے زیادہ 15اورحلقہ بدھل میں سب سے کم 4اُمید واروں میں مقابلہ ہورہاہے جبکہ دوسرے مرحلے میں کل239اُمیدوار26نشستوں پر اپنی سیاسی قسمت آزمائیں گے ۔جے کے این ایس کے مطابق 90اسمبلی سیٹوں میں سے جموں و کشمیر کے6 اضلاع کے26 اسمبلی حلقوں میں آج یعنی25ستمبربروز بدھ کو پولنگ ہوگی۔ جموں خطے میں 11 حلقوں اور کشمیر میں 15 سیٹوں پر پولنگ ہوگی۔ چونکہ جموں و کشمیر میں 25 ستمبر کو اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے گزرنا ہے، اس لئے جموں خطے کے تینوں اضلاع ریاسی،راجوری اور پونچھ میں سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔ حفاظتی اقدامات کے طور پر کئی علاقوں میں سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ادھر کشمیرکے تینوں اضلاع بشمول سری نگر،بڈگام اور گاندربل میں بھی پولیس اور فورسزدستوںکو چوکنا کرکے سبھی15حلقوںمیں جگہ جگہ خاص کر پولنگ بوتھوں کے آس پاس تعینات کردیاگیا ہے ،اس دوران منگل کو تمام 3502پولنگ بوتھوںمیں درکار الیکٹرانک ووٹنگ مشینوںکے ساتھ ساتھ پولنگ عملہ کو بھی وہاں پہنچادیاگیا ۔اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں جموں و کشمیر کے 6 اضلاع کی26 اسمبلی سیٹوں پر انتخابات ہوں گے۔جن نشستوں پر انتخابات ہوں گے، ان میں کنگن (ایس ٹی)، گاندربل، حضرت بل، خانیار، حبہ کدل، لال چوک، چھانہ پورہ، زڈی بل ، عیدگاہ، سنٹرل شال ٹینگ، بڈگام، بیروہ، خان احب، چرار شریف، چاڈورہ ، گلاب گڑھ( ایس ٹی)، شری ماتا ویشنو دیوی، کالاکوٹ ، سندربنی، نوشہرہ، راجوری (ایس ٹی)، بدھل (ایس ٹی)، تھانامنڈی (ایس ٹی)، سورنکوٹ (ایس ٹی)، پونچھ حویلی اور مینڈھر (ایس ٹی) بھی شامل ہے۔حکام نے بتایاکہ الیکشن سے متعلق تمام سامان اور پولنگ عملہ کو سخت سیکورٹی میں پولنگ بوتھوں پر پہنچادیاگیاہے ،اور منگل کے دن سے ہی پولیس اور سی آرپی ایف کے دستوںنے مشترکہ طور پر 6اضلاع کے26حلقوں میں قائم3502پولنگ اسٹیشنوں کواپنی تحویل میں لے لیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ووٹ ڈالنے کا عمل مقررہ وقت صبح 7بجے شروع ہونے کے بعدشام 6بجے تک جاری رہے گا ،اور پہلے مرحلے کی طرح ہی شام 6بجے سے پہلے جوووٹر پولنگ مراکز کے باہر قطاروںمیں موجودہوں گے ،اُن کو ووٹ ڈالنے کا پورا موقعہ فراہم کیاجائے گا تاکہ ووٹ ڈالنے کاخواہشمند کوئی شہری مایوس نہ ہو۔یادرہے جموں و کشمیر میں ووٹنگ کا پہلا مرحلہ 18 ستمبر کو مکمل ہوا، الیکشن کمیشن کے مطابق، 7 اضلاع کے 24 حلقوں میں 61.13 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔آج دوسرے مرحلے میں 26حلقوں میں پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد یکم اکتوبرکو تیسرے اورآخری مرحلے میں کل40نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جائیں گے اور پھرسبھی90حلقوںمیں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی 8،اکتوبر کو کی جائے گی،اور شام تک سبھی نوے حلقوں کے نتائج ظاہرہونگے