نئی دہلی/18دسمبر2024ئوزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے آج ضلع کٹھوعہ میں آتشزدگی کے ہولناک واقعہ میں چھ افراد کی ہلاکت پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اَپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے اس واقعے کو اِنتہائی تکلیف دہ قرار دیا بالخصوص جبکہ اس میں چھ اَفراد کی جانیں گئیںاور چار دیگر زخمی ہوئے۔اُنہوں نے کہا ،” یہ سانحہ دل دہلا دینے والا ہے جس میں چھ قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ میں مرحومین کی ارواح کی ابدی سکون اور اِس ناخوشگوار واقعہ میں زخمی ہوئے اَفراد کی جلد صحتیابی و شفایابی کے لئے دعاگوہوں۔“وزیراعلیٰ نے سوگوار کنبوں سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اِظہار کرتے ہوئے انہیں اس صدمہ عظیم کو برداشت کرنے کی ہمت اور صبر کے لئے دُعا کی۔ آگ جو بدھ وار کی صبح ایک کرائے کے مکان میں لگی، آگ کی وجہ سے دم گھٹنے سے دو نابالغوں سمیت چھ اَفراد کی موت واقع ہوئی ہے۔متاثرین کو فوری طور پر کٹھوعہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) ہسپتال لے جایا گیاجہاں اُنہیں مردہ قرار دیا گیا۔اِس واقعہ میں زخمی ہوئے چار دیگر افراد کا فی الحال علاج جاری ہے۔وزیراعلیٰ نے یقین دِلایا کہ زخمیوں کو بہترین طبی اِمداد فراہم کی جارہی ہے۔اُنہوں نے کہا ،” میں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کو جلد صحتیابی کے لئے بہترین ممکنہ علاج فراہم کیا جائے۔“