سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر، وجے کمار بیدھوری نے جمعرات کو کہا کہ انتظامیہ آئندہ موسم سرما اور اہم تقریبات کے لیے بروقت اور موثر تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق مطابق شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ کے ہندوارہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بیدھوری نے کہا کہ گلمرگ میں کھیلو انڈیا گیمز شیڈول کے مطابق آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا، "پچھلی بار، برف باری میں تاخیر نے شیڈول کو متاثر کیا تھا، لیکن اس سال ہم توقع کر رہے ہیں کہ گیمز منصوبہ بندی کے مطابق ہوں گے۔”ڈویژنل کمشنر نے بنگس فیسٹیول جیسے اقدامات کے ذریعے کپوارہ میں سیاحت کو فروغ دینے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جس میں انہوں نے ذاتی طور پر گزشتہ سال شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا، "بنگس میں ماحولیاتی سیاحت کی بے پناہ صلاحیت ہے، اور ہم اسے کپوارہ میں ایک اہم پرکشش مقام کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے مزید طریقوں پر غور کر رہے ہیں۔موسم سرما کی تیاریوں پر، بیدھوری نے یقین دلایا کہ انتظامیہ گزشتہ سال کے مقابلے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ہم روزانہ جائزہ لے رہے ہیں اور یہ موسم سرما یقینی طور پر گزشتہ موسم سے بہتر ہوگا۔