سرینگر//حکومت جموں و کشمیر نے جموں و کشمیر پولیس سروسز یا جے کے پی ایس کے 130 افسران کی ترقیوں کو منظوری دیتے ہوئے ایک حکم نامہ جاری کیا ہے۔ اس حکمنامے کی رو سے 2001سے 2008کے جے کے اے ایس کے مختلف بیچز میں تعینات ہوئے افسران کو فائدہ ہوگا۔تاہم یہ ساری ترقیاں کسی بھی رٹ پٹیشن کے نتائج سے مشروط ہیں جو فی الوقت مجاز عدالتوں میں زیر التوائ ہیں۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس ) کے مطابق جن قابل ذکر افسران کو ترقی دی گئی ہے ان میں منجیت کور، ارون گپتا، رندھیر سنگھ، شیخ ذوالفقار آزاد، اور مونیکا ساگر شامل ہیں جنکا تعلق 2001 کے بیچ کے ساتھ ہے۔ اس فہرست میں بعد کے بیچوں کے کئی افسران بھی شامل ہیں، جن میں ڈاکٹر ایس ڈی چودھری، تنویر جیلانی، اور ال طاہر گیلانی 2002 کے بیچ سے؛ 2004 بیچ سے مظفر احمد شاہ، سجاد احمد شاہ، اور ممتا شرما؛ اور 2007 بیچ سے گرمیت سنگھ، راسخ احمد اور محمد ابراہیم شامل ہیں۔سب سے زیادہ ترقی پانے والے افسران ہیں کا تعلق 2008 کے بیچ کا ہے۔ ان میں ایاز احمد شیخ، وویک شیکھر شرما، بھارت بھوشن شرما، اور ذوالفقار احمد شامل ہیں۔معلوم ہوا ہے کہ ترقی کے ان احکامات پر عملدرامد کی صورت میں مقامی افسروں کو کلیدی عہدوں پر تعینات کرنے کا عمل ہموار ہوسکتا ہے۔