جموں 20 جنوری 2025 ئ اسپیکر قانون ساز اسمبلی جموں و کشمیر ایڈووکیٹ عبدالرحیم راتھر نے آج پٹنہ بہار میں 85 ویں آل انڈیا پریزائیڈنگ آفیسرز کانفرنس 2025 میں شرکت کی اور خطاب کیا ۔ اس کانفرنس کا افتتاح لوک سبھا کے اسپیکر شری اوم برلا نے کیا تھا اور اس کا انعقاد ”آئین کی 75 ویں سالگرہ :آئینی اقدار کو مضبوط بنانے میں پارلیمنٹ اور ریاستی قانون ساز اداروں کا تعاون “کے موضوع پر کیا گیا تھا ۔ اس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ عبدالرحیم راتھر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئین نہ صرف نظام حکومت قائم کرنے کیلئے ایک اہم ہتھیار کے طور پر کام کرتا ہے بلکہ یہ ہماری شان و شوکت کو بحال کرنے کا روڈ میپ ہے ۔ اسپیکر نے کہا کہ ہمارا آئین آئینی مشینری کے ذریعے شہریوں کی فلاح و بہبود کیلئے پوری طرح پرعزم ہے اور ہمارا آئین ترقی پسند ، جامع اور تبدیلی پر مبنی ہے ۔