جموں/07مارچ2025ئلیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہا نے امرمحل پیلس جموں میں ہری تارا چیئر ٹیبل ٹرسٹ ( ایچ ٹی سی ٹی)کے زیر اہتمام تیسرے توی فیسٹول کا اِفتتاح کیا۔اس تقریب سے امر محل میوزیم اور لائبریری کے 50 برس مکمل ہونے کی یاد میں گولڈن جوبلی تقریبات کا آغاز بھی ہوا۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنے خطاب میں ڈاکٹر کرن سنگھ اور ہری تارا چیئرٹیبل ٹرسٹ سے وابستہ تمام اَفراد کو اس منفرد فیسٹول کے اِنعقاد پرمُبارک باد پیش کی۔ اُنہوں نے فن، اَدب اور تاریخ کے شعبوں کے ماہرین اور پیشہ ور اَفراد کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور نئے خیالات کو اُجاگر کرنے کے لئے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔اُنہوں نے فنکاروں اور ادیبوں کے گرانقدر کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معاشرے میں تبدیلی لانے اور عالمی علمی پلیٹ فارموں کو مالامال کرنے میں اہم رول اَدا کرتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”فن ایک روشن خیال معاشرے کی تعمیر اور شہریوں کی تخلیقی اور اخلاقی ترقی کے لئے ایک لازمی عنصر ہے۔ایک خوشحال اور پُر اَمن دُنیا کے لئے فن اور ثقافت اِتنا ہی اہم ہے جتنا سائنس اور ٹیکنالوجی ۔“اُنہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی نے نئی سہولیات فراہم کی ہیں اور اِنسانی معاشرے کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے طریقے کو نئے سرے سے متعین کیا ہے ، لیکن جدید آلات فن اور ثقافت کی امیر اور متحرک روایت کے بغیر نامکمل ہیں۔
اُنہوں نے کہا،”ہمیں ٹیکنالوجی اور آرٹس کے درمیان ایک اچھا توازن رکھنے کی ضرورت ہے ۔ سائنس اور ٹیکنالوجی کی نئی ایجادات نے ہماری تہذیب کو زندہ رکھنے میں جو کردار اَدا کیا ہے، وہ بے مثال ہے۔ لہٰذا، میں سمجھتا ہوں کہ معاشرے کو سائنسدانوں کے ساتھ ساتھ فنکاروں اور روحانی شخصیات کی بھی ضرورت ہے۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت وزیر اعظم شری نریندر مودی کی رہنمائی میں”وکاس بھی، وراثت بھی“کے عزم کے ساتھ کام کرے گی۔
اُنہوں نے مزید اس بات پر زور دیا کہ فنکاروں اور دانشوروں کا اہم کردار ہے کہ وہ مقامی ثقافت، اخلاقی اقدار اور روایتی علم پر مبنی تعلیم کو فروغ دیں۔
اُنہوں نے کہا،”معاشرے کی معاشی ترقی کا انحصار فن اور ثقافت پر ہے۔ دیرپا ترقی کے لئے ہمیں مزید تخلیقی رہنماﺅں کی ضرورت ہے۔ ہمیں نوجوان نسل کو اپنی ثقافت اور اقدار سے جوڑنے کی کوششوں کو مزید مستحکم کرنا چاہیے۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں کشمیر کے فنی، ثقافتی اور لسانی ورثے کی بھرپور تنوع اور اِنفرادیت کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی طرف سے اُٹھائے گئے خصوصی اَقدامات کا بھی اِشتراک کیا۔
اِس موقعہ پرسابق مرکزی وزیر اور چیئرمین، ہری تارا چیئر ٹیبل ٹرسٹ ڈاکٹر کرن سنگھ، ٹرسٹیز اور ٹرسٹ کے ممبران کے علاوہ کئی معزز شخصیات بشمول شری وکرمادتیہ سنگھ، شری اجات شترو سنگھ، ڈاکٹر جیوتسنا سنگھ، محترمہ ریتو سنگھ، شری مارتند سنگھ، پولیس اور سول اِنتظامیہ کے اعلیٰ اَفسران اور معروف فنکار بھی موجود تھے۔