سری نگر:۸،اپریل: : پی ڈی پی سے وابستہ ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ کو جموں و کشمیر اسمبلی سے اس وقت باہر کر دیا گیا جب انہوں نے منگل کو وقف (ترمیمی) ایکٹ کے خلاف نئی قرارداد لانے پر زور دیا۔جبکہ اس دوران کشمیر نشین سیاسی جماعتوں کے ارکان کے مابین لڑائی جھگڑے کی صورتحال اور مسلسل احتجاج کے دوران سپیکرعبدالرحیم راتھر نے ایوان کی کارروائی 30 منٹ کے لیے ملتوی کر دی جبکہ ایوان کی کاروائی دوبارہ شروع ہونے پر ہنگامہ آرائی جاری رہنے کے بعد اسپیکر نے کارروائی کو 11بجکر21منٹ پر کم سے کم ڈیڑھ گھنٹے یعنی ایک بجے تک ملتوی کردی ،جے کے این ایس کے مطابق اسمبلی میں اس معاملے پر مسلسل دوسرے روز بھی ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد اسپیکر عبدالرحیم راتھر نے دن کی کارروائی شروع ہونے کے فوراً بعد ایوان کی کارروائی30 منٹ کے لیے ملتوی کر دی اور بعد میں اسے دوپہر ایک بجے تک بڑھا دیا۔پیر کے روز، جب ایوان 12 دن کی تعطیل کے بعد جمع ہوا، تو یہ مذہبی اور لسانی نعرے بازی کے ساتھ افراتفری کا شکار ہو گیا جب اسپیکر نے وقف (ترمیمی) ایکٹ پر بحث کے لیے پیش کی گئی التوا کی تحریک کو مسترد کر دیا، اور کہا کہ یہ معاملہ زیر سماعت ہے۔منگل کی صبح جب ایوان دوبارہ جمع ہوا، تو ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ وقف ایکٹ کے خلاف اپنی قرارداد کی ایک کاپی پکڑے کنویں کے قریب پہنچے اور اسپیکر کے ساتھ بحث کرنے لگے، اور مرکزی حکومت کو پیغام پہنچانے کے لیے اسے اپنانے کا مطالبہ کیا۔جب اسپیکر ، ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ کو اپنی نشست پر واپس جانے کو کہہ رہے تھے، نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے عبدالمجید لارمی نے وحید پرہ کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں پیپلز کانفرنس کے قانون ساز سجاد لون نے مداخلت کی۔اس دوران سپیکر نے مارشلز کو ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہکو ایوان سے باہر منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ لیکن اس کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی جب کئی این سی قانون سازوں اور آزاد ایم ایل ایز نے وقف ترمیمی قانون پر بحث کی خواہش کرتے ہوئے اپنا احتجاج جاری رکھا۔ ایوان نے لون اور این سی کے سلمان ساگر کے درمیان زبانی جھگڑا بھی دیکھا۔وحید پرہ نے ایوان کے باہرنامہ نگاروں کو بتایا کہ ”میں نے وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف ایک تازہ قرارداد پیش کی ہے لیکن اسپیکر نے اسے نہ تو قبول کیا اور نہ ہی مسترد کیا“۔انہوں نے این سی پر الزام لگایا کہ وہ ایکٹ کو معمول پر لانے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر بی جے پی کے کہنے پر ”ڈرامہ“ رچ رہی ہے۔ ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے کہاکہ جموں و کشمیر ملک کا واحد مسلم اکثریتی خطہ ہے جس میں نیشنل کانفرنس کے50 سے زیادہ ایم ایل اے ہیں۔ جب کرناٹک اور تمل ناڈو ایکٹ کے خلاف قرارداد پاس کر سکتے ہیں، تو این سی کو کیا روک رہا ہے؟ وہ ڈرامہ رچ رہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی ایوان سے دوسرے دن بھی غیر حاضری پر سوال اٹھایا اور کہاکہ انہیں یہاں ہونا چاہیے تھا کیونکہ یہ مسئلہ مسلمانوں کی جائیدادوں جیسے مساجد، مزارات اور قبرستانوں سے متعلق ہے۔وحید پرہ کاکہناتھاکہ وزیراعلیٰ ٹیولپ گارڈن میں مرکزی وزیر کرن رجیجو کا سرخ قالین پر استقبال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حقیقت یہ ہے کہ نیشنل کانفرنس بی جے پی کی حمایت کر رہی ہے۔ ممبراسمبلی پلوامہ وحید الرحمان پرہ نے مزیدکہاکہ وقف بل نے 24 کروڑ مسلم آبادی میں ناراضگی پیدا کی ہے لیکن وہ اپنے اقدامات سے ایکٹ کو معمول بنا رہے ہیں۔ وہ ایکٹ کے خلاف قرارداد نہیں چاہتے، ۔ااسپیکر نے وقف ترمیمی قانون پر ایوان میں بحث کے لیے تحریک التواءکو مسترد کرنے کے اپنے اقدام کا بار بار دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ پارلیمنٹ پہلے کر چکی ہے آپ اسے کالعدم نہیں کر سکتے۔اس سے پہلے قانون ساز اسمبلی میں منگل کو وقف بل پر نیشنل کانفرنس اور کشمیر میں مقیم اپوزیشن جماعتوں کے درمیان جھڑپوں کے ساتھ ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔جہاں نیشنل کانفرنس کے ممبران وقف بل پر ان کی طرف سے لائی گئی تحریک التواء پر بحث کر رہے تھے، کشمیر میں مقیم اپوزیشن جماعتیں بل کے خلاف قرارداد کی کوشش کر رہی تھیں۔جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، نیشنل کانفرنس کے ممبران اسمبلی کھڑے ہو گئے اور مطالبہ کیا کہ ان کی تحریک التواءکی اجازت دی جائے۔ایوان میں ہنگامہ آرائی کے دوران، این سی ممبران اسمبلی اور سجاد لون میں زبانی تکرار ہوئی۔سجاد لون نے کہا کہ آپ تھیٹرکس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ ستم ظریفی ہے کہ این سی کے قانون ساز لوگوں کو بیوقوف بنانے کے لیے این سی کے اسپیکر کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔مسلسل احتجاج کے درمیان، اسپیکرعبدالرحیم راتھرنے کہا کہ جو کچھ پارلیمنٹ نے کیا ہے ، جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی اسے کالعدم نہیں کر سکتی۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ نے جو کچھ کیا ہے اسے آپ کالعدم نہیں کر سکتے۔اسپیکر نے مزید کہا کہ ایوان میں بحث کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔