جموں/09اپریل2025ئچیف سیکرٹری اَتل دولو نے یونین ٹیریٹری کے مختلف اَضلاع میں این اِی اِی ٹی (یو جی) 2025 ءاِمتحانات کے منصفانہ اور احسن اِنعقاد کے اِنتظامات کا جائزہ لینے کے لئے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایجوکیشن شانت منو، دونوں صوبوں کے صوبائی کمشنران، تمام اَضلاع کے ضلع ترقیاتی کمشنروں، دونوں ڈویژنوں کے لئے سکول ایجوکیشن کے ڈائریکٹران، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے)ا کے اَفسران اور محکمہ تعلیم کے سینئر اَفسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری نے قومی سطح کے اِس باوقار اِمتحان کے پیشہ ورانہ اور شفاف اِنعقاد کو یقینی بنانے کے لئے سول اِنتظامیہ اور این ٹی اے مابین بہتر تال میل کی اہمیت پر زور دیا ۔ اُنہوں نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر نامزد اِمتحانی مراکز کا دورہ کریں، زمینی ضروریات کا جائزہ لیں اور سٹی کوآرڈی نیٹروںکے ساتھ قریبی تعاون سے تمام ضروری سہولیات کو یقینی بنائیں۔
اُنہوں نے مزید ہدایت دی کہ دونوں صوبائی کمشنران سیکورٹی اور اِنتظامی نگرانی کے خاطر خواہ اِنتظامات کریںجس میں ڈیوٹی مجسٹریٹوںکی تعیناتی اور ہر اِمتحانی مرکز پر پولیس کی موجودگی کو یقینی بنانا شامل ہو۔ اُنہوں نے کہا، ”سول اِنتظامیہ اور پولیس کی ساکھ کو اس امتحان کے مو¿ثر اور پیشہ ورانہ اِنعقاد کے ذریعے برقرار رکھنا ضروری ہے۔“
چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ مجموعی اِنتظامات کی نگرانی ایڈیشنل چیف سیکرٹری سکولی تعلیم محکمہ کریں گے۔ اُنہوں نے صوبائی اور ضلعی اِنتظامیہ سے کہاکہ کسی بھی مسئلے یا ضروریات کو فوری طور پر حل کرنے کے لئے انکے دفتر کو رِپورٹ کریں۔ اِس کے علاوہ اُنہوں نے این ٹی اے کے یو ٹی کوآرڈی نیٹر کو ہدایت دی کہ وہ اے سی ایس کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہیں تاکہ مقامی اِنتظامات کو قومی سطح کے معیارات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔