سری نگر :۰۱،اپریل:: چیف جسٹس سنجیو کھنہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین ججوں کی بنچ 16، اپریل کو وقف (ترمیمی) ایکٹ2025 کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت کرے گی۔جے کے این ایس کے مطابق سپریم کورٹ کی ویب سائٹ کے مطابق، جسٹس سنجے کمار اور کے وی وشواناتھن بھی درخواستوں کی سماعت کرنے والی تین رکنی بنچ کا حصہ ہیں۔مرکز نے منگل کو عدالت عظمیٰ میں ایک کیویٹ داخل کیا اور اس معاملے میں کوئی حکم جاری کرنے سے پہلے سماعت کی درخواست کی۔ایک فریق کی طرف سے ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں کیویٹ دائر کیا جاتا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ اسے سنے بغیر کوئی حکم جاری نہ کیا جائے۔15 سے زیادہ درخواستیں، بشمول سیاست دانوں اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور جمعیة علماءہند کی طرف سے، نئے نافذ کردہ قانون کی صداقت کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھیں۔مرکزی حکومت نے منگل کو وقف (ترمیمی) ایکٹ2025 کو مطلع کیا جسے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ نے منظور کیا تھا۔اس دوران جموں وکشمیرکی حکمران جماعت نیشنل کانفرنس اور اپوزیشن جماعت پی ڈی پی کے بعد جموں وکشمیراپنی پارٹی نے بھی وقف (ترمیمی) ایکٹ2025 کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی۔اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری نے جمعرات کواعلان کیا کہ ان کی پارٹی نے حال ہی میں منظور شدہ اور متنازعہ وقف (ترمیمی) ایکٹ،2025 کو چیلنج کرتے ہوئے سپریم کورٹ آف انڈیا میں ایک رٹ پٹیشن دائر کی ہے۔الطاف بخاری نے کہا کہ یہ ایکٹ بلاشبہ مسلم اقلیتوں کے حقوق کو مجروح کرتا ہے اور اس بات پر زور دیا کہ قانونی جنگ کا مقصد ملک بھر میں اقلیتوں کے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ترمیم شدہ قانون کے آئینی جواز کو چیلنج کرنے کے لیے مضبوط دلائل پیش کیے ہیں۔ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں، الطاف بخاری نے لکھاکہ اپنی پارٹی نے حال ہی میں منظور شدہ اور متنازعہ وقف ایکٹ کے خلاف آج سپریم کورٹ میں ایک رٹ پٹیشن جمع کرائی ہے۔انہوںنے کہاکہ امید ہے، اس معاملے کو، اسی مسئلے سے متعلق دیگر درخواستوں کے ساتھ، جلد سماعت کے لیے لیا جائے گا۔سیدالطاف بخاری نے کہاکہ میں پختہ یقین رکھتا ہوں کہ یہ قانونی جنگ اقلیتوں کے آئینی حقوق کے تحفظ کے بارے میں ہے، کیونکہ ترمیم شدہ وقف ایکٹ بلاشبہ ،نہ صرف جموں و کشمیر بلکہ پورے ملک میں مسلم اقلیتوں کے حقوق کو مجروح کرتا ہے۔انصاف کی بالادستی کی دعا کرتے ہوئے، الطاف بخاری نے مزید لکھا، اپنی پٹیشن کے ذریعے، ہم نے وقف (ترمیمی) ایکٹ، 2025 کے آئینی جواز کو چیلنج کیا ہے اور اپنے موقف کی حمایت میں زبردست دلائل پیش کیے ہیں۔ انصاف کی فتح ہو۔واضح رہے نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی نے پہلے ہی وقف قانون کیخلاف سپریم کورٹ جانے کااعلان کیاہے۔