سرینگر / شوپیان پولیس نے بینک کھاتوں سے فراڈ طریقے سے لاکھوں روپے نکالنے کے معاملے میںجموں و کشمیر بینک برانچ ترکہ وانگام کے منیجرمحمد یوب ملک ولد محمد جمال ملک ساکن ایندر پلوامہ کے2منزلہ مکان کو سیل کردیا ہے۔پولیس کی خصوصی ٹیم نے خسرہ نمبر468پر بنے 32لاکھ روپے مالیت کے عالیشان مکان کو سیل کرکے اس مالیاتی فراڈ کا بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کیا ہے اور اس سلسلے میں پولیس تھانہ زینہ پورہ میںدرج ایف آئی آر 104/2024کے تحت تحقیقات کا دائرہ سیع کردیا ہے۔اس ددوران بینک صارفین اور مقامی لوگوں نے مذکورہ بینک کے پہلے فراڈ معاملے جس میں مرحوم محمد یوسف شاہ کے بینک اکاونٹ نمبر060004010002319سے ساری رقم اس کے انتقال کے ایک دن بعد غائب پائی گئی ،میں ملوث افراد کو فوری گرفتاری کی مانگ کی ہے۔مرحوم کی اکلوتی بیٹی ظریفہ نے جب اس فراڈ کاپتہ لگانے کی کوشش کی تو یہ انکشاف ہوا کہ مدثر الحسن شاہ ولدماسٹر حسن شاہ ساکن ترکہ وانگام نے یہ رقم نکالی ہے۔ظریفہ نے اس حوالے سے پولیس میں شکایت درج کرائی جس کے بعد پولیس اسٹیشن زینہ پورہ نے معاملے کی تحقیقات شروع کی۔لوگوں نے بینک منیجر کے خلاف کی گئی کارروائی کی سراہنا کی ہے اور اس بینک میں ہوئی پہلی فراڈ کے حوالے سے تحقیقات میں سرعت لانے ، ملوثین کی گرفتاری اور ان کے خلاف کیس درج کرنے کی اپیل کی ہے۔