سرینگر /بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی اور بڑھتے تناو کے بیچ جموں و کشمیر حج کمیٹی نے7 اور 8 مئی کی دو طے شدہ حج پروازوں کو منسوخ کر دیا ہے۔ سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو سولین آپریشن کے لیے ”اگلے احکامات تک“ بند کئے جانے سے نہ صرف عام شہریوں، بلکہ سفر محمود پر روانہ ہونے والے عازمین کے سفر پر بھی شدید خلل پڑا ہے۔کشمیر نیوز سروس ( کے این ایس)کے مطابق جموں وکشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر، ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ7 اور 8 مئی کی حج پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا: ”سرینگر ہوائی اڈے پر سویلیں فلائٹ آپریشن عارضی طور بند کئے جانے سے ابتدائی طور پر طے شدہ حج پرواز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ لیکن یہ منسوخی مزید بڑھ سکتی ہے۔“ڈاکٹر قریشی نے مزید کہا کہ 7 اور 8مئی کو شیڈول دو پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حج پینل کے نوٹیفکیشن کے مطابق نظر ثانی شدہ شیڈول اسی کے مطابق جاری کیا جائے گا۔ قریشی نے منسوخی کی گئی پرواز کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا؛ ”آج 320 عازمین پر مشتمل ایک پرواز سرینگر سے مدینہ منورہ روانہ ہونے والی تھی۔“ انہوں نے کہا کہ ”ابھی تک اس بارے میں کوئی معلومات نہیں ہے کہ (ائر پورٹ پر سیولین فلائٹ) خدمات دوبارہ کب شروع ہو سکتی ہیں۔“ ہوائی اڈے کی سویلن فلائٹ آپرشنز کی بندش اور بڑھتے ہوئے سیکورٹی خدشات نے آنے والے نظام الاوقات کے بارے میں کچھ واضح نہیں ہے۔واضح رہے کہ فضائیہ نے سرینگر بین الاقوامی ایئرپورٹ پر سویلین فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے۔ اور بدھ کو کوئی بھی سویلین پرواز اڑان نہیں بھرے گی اور فی الحال کے لیے سرینگر کا بین اقوامی ہوائی اڈہ سویلین نہیں بلکہ دفاعی ہوائی اڈا ہوگا۔