سری نگر/09جولائی2025ئوزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج شیرِ کشمیر اِنٹرنیشنل کنونشن سینٹر (ایس کے آئی سی سی) اور جموں و کشمیر ٹوراِزم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (جے کے ٹی ڈِی سی) کے بورڈمیٹنگوں کی صدارت کی جو حال ہی میں دوبارہ تشکیل دئیے گئے ہیں جس میں وزیر اعلیٰ دونوں بورڈوں کے چیئرمین ہیں۔وزیراعلیٰ نے یہاں ایس کے آئی سی سی سری نگر میں بیک وقت دونوں بورڈ میٹنگوں کی صدارت کی۔ اُنہوں نے ایس کے آئی سی سی کے 19ویں بورڈ میٹنگ کی صدارت کی جس میں وزیراعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکرٹری اتل ڈولو، محکمہ خزانہ و سیاحت کے اِنتظامی سیکرٹریوں، ڈِی جی پلاننگ، ڈائریکٹر ٹوراِزم، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے ٹی ڈِی سی اور ڈائریکٹر ایس کے آئی سی سی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے ایس کے آئی سی سی کو کانفرنسوں اور دیگر تقریبات کے لئے ایک اہم مرکز کے طور پر اُبھرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ایس کے آئی سی سی کو اِس کی بہترین پر اِستعمال کیا جاسکے اور یہ خود اَپنی مالی ضروریات پوری کر سکے۔ اُنہوں نے ایس کے آئی سی سی اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولیت کی مارکیٹنگ کے لئے مو¿ثر حکمتِ عملی اَپنائیں تاکہ کارپوریٹ اور نجی اِداروں کو اس سہولیت سے روشناس کیا جا سکے، جو سال بھر سرگرمیوں کا مرکز بن سکتی ہے۔اُنہوںنے ایس کے آئی سی سی کے کم اِستعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ ایس کے آئی سی سی کے لئے ایک واضح ایم آئی سی اِی برانڈ شناخت بنائی جائے۔
اُنہوں نے کہا،”کارپوریٹ اِداروں، ایونٹ پلانرز اور سرکاری ایجنسیوں کو ہدف بنانا ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بکنگز حاصل کی جا سکیں اور غیر استعمال شدہ دنوں کی تعداد کم ہو۔اس سے ایس کے آئی سی سی کو اپنی آمدنی بڑھانے میں مدد ملے گی۔“