نئی دہلی :۱۵؍ نومبر
جموں و کشمیر کے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر خزانہ اور کارپوریٹ امور نرملا سیتارمن سے ملاقات کی اور جموں و کشمیر سے متعلق اہم مالی امور پر تبادلہ خیال کیا۔نرملا سیتارمن کے دفتر نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیا،’’جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے محترمہ نرملا سیتارمن سے ملاقات کی۔‘‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے انسٹاگرام پر شیئر کیا ،’’ مرکزی وزیر خزانہ اور کارپوریٹ امور شریمتی سیتارمن جی سے ملاقات کی ۔ ہماری بات چیت جموں و کشمیر سے متعلق اہم اِقتصادی امور پر مرکوز تھی۔ میں نے اس خطے کے لئے مرکزی وزارتِ خزانہ سے انتہائی ضروری مدد کی پرجوش وکالت کی۔‘‘وزیر اعلی عمر عبداللہ نے اُمید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت کے ساتھ مشترکہ کوششوں سے مالی استحکام میں اضافہ ہوگا اور جموں و کشمیر میںدیرپا ترقی کو فروغ ملے گا۔اُنہوںنے جموں وکشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے کثیر الجہتی فنڈنگ کا فائدہ حاصل کرنے کے لئے مرکزی وزیر خزانہ سے تعاون طلب کی جس کا مقصد موجودہ مقامات پر بھیڑ کو کم کرنا اور ان نئے شناخت شدہ مقامات پر اچھی طرح سے منصوبہ بند اور عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا ہے۔