سرینگر//وادی کشمیر میں موسم نے پھر ایک بار کروٹ بدلی جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ کئی پہاڑ علاقوں میں برف باری ہوئی ۔اس دوران تازہ موسمی تبدیلی کے ساتھ وادی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا جہاں لوگوں نے مکمل طور گرم ملبوسات کا استعمال کرنا شروع کیا ۔کشمیر نیوز سروس( کے این ایس ) کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات کو وادی کشمیر کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو سنیچر کے صبح تک وقدے وقفے سے جاری رہا ۔اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں بھی ہوئی۔نمائندے کے مطابق سکیئنگ کے لیے مشہور کشمیر کے سیاحتی مقام گلمرگ میں ہفتے کے روز موسم کی پہلی برف باری ہوئی، جب کہ میدانی علاقوں میں بارش ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ برف باری صبح سویرے شروع ہوئی اور وقفے وقفے سے جاری رہی، جس نے منزل کے میدانوں کو تقریباً ایک انچ برف سے ڈھانپ دیا۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ وادی کے اونچے علاقوں میں کئی دیگر علاقوں بشمول بانڈی پورہ ضلع کے گریز، کپوارہ میں مژل، شوپیاں میں مغل روڈ ،سادھنا،ٹاپ ،سنتحن تاپ اور دیگر مقامات پر بھی تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی انہوں نے بتایا کہ دریں اثنا، سری نگر سمیت میدانی علاقوں کے کئی حصوں میں بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دوپہر تک موسم میں بہتری متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 23نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہے گا اور 24 نومبر کو بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔اس دوران پہاڑی علاقوں میں برف باری اور میدانی علاقو ںمیں بارشوں کے ساتھ ہی یہاں سردی کی شدت محسوس ہوئی۔ اس دوران لوگوں نے مکمل گرم ملبوسات جن میں فرن،اپر،فل سویٹر ،جبکہ جو لوگ گھروں میںتھے انہوں نے بھی کانگڑی اور گرمی دینے والے آلات کا استعمال کیا ۔