جموں/04دسمبر2024ئوزیر برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ اِیتونے آج جموں خطے میں کام کرنے والی مختلف سرکاری اِمداد سے چلنے والی این جی اوز کی کارکردگی اور کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں کمشنرسیکرٹری محکمہ سماجی بہبود شیتل نندا، ڈائریکٹر سماجی بہبود جموں روپیش کمار، ڈائریکٹر فائنانس ایس ڈبلیو ڈِی ، ایس ڈبلیو ڈی کے دیگر سینئر اَفسران، متعلقہ اَضلاع کے ڈی ایس ڈبلیو اوز، ریڈ کراس ہوم، ایس او ایس چلڈرن وِلیج آف اِنڈیا، بے سہارا بچوں کے لئے بلگرانا چیئر ٹیبل ہوم، سماج کلیان کیندر، لوئس بریل میموریل ریذیڈنشیل سکول، وید مندر، بھارتیہ لوک سنگیت کلا سنستھان، ہری کرشنا فوڈ لائف ٹرسٹ اودھمپور، ہوم فار ایجڈ اینڈ انفرم کٹھوعہ اور کیئر فار یو پونچھ جیسے این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
دورانِ میٹنگ وزیر موصوفہ نے سرکاری اِمداد سے چلنے والی این جی اوزکے زمینی سطح پر پڑنے والے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ان این جی اوز کو ان کے متعلقہ علاقوں میں کام کرتے ہوئے درپیش چیلنجوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ میں عمر رسیدہ اَفراد،جسمانی طور خاص بچوں، بے سہارا بچوں کے ساتھ ساتھ معاشی طور پر کمزور طبقوں اور یتیم بچوں سمیت معاشرے کے پسماندہ طبقوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لئے حکومت اور این جی اوز کے درمیان اِشتراک بڑھانے کی حکمت عملی پر بھی غوروخوض کیا گیا۔