جموں 30 دسمبر 2024 ئ لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے آج راج بھون میں یونیورسٹی آف جموں کی یونیورسٹی کونسل کی 88 ویں میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں اعلیٰ تعلیم کی وزیر محترمہ سکینہ ایتو ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، وائس چانسلر جموں یونیورسٹی ، وائس چانسلر لکھنو¿ یونیورسٹی ، وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی جموں ، پروفیسر اے کے کول سابق پروفیسر شعبہ سماجیات بی ایچ یو وارانسی ، رجسٹرار جموں یونیورسٹی اور کونسل کے دیگر اراکین نے شرکت کی ۔ سیکرٹری پلاننگ ، مانیٹرنگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، وائس چانسلر کشمیر یونیورسٹی اور وائس چانسلر کلسٹر یونیورسٹی سرینگر نے ورچوئل موڈ کے ذریعے شمولیت اختیار کی ۔ یونیورسٹی کونسل نے یونیورسٹی کے مجموعی کام کو مزید بہتر بنانے کیلئے تعلیمی اور انتظامی اہمیت کے مختلف امور پر غور کیا ۔ میٹنگ نے مختلف ایجنڈا آئیٹمز اور تجاویز کو اصولی منظوری دی جس میں یو جی سی اور قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے رہنما خطوط اور نوٹیفکیشن کے مطابق متعدد دفعات کو اپنانا اور شامل کرنا شامل ہے ۔
لفٹینٹ گورنر نے یونیورسٹی کو نصاب اور کورسز پر باقاعدہ نظر ثانی کرنے کے علاوہ جدید دور کی دُنیا کے ابھرتے ہوئے رحجانات اور ضروریات کے مطابق نئے کورسز متعارف کرانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو علاقے کی مقامی زبانوں اور ثقافت کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہئیے ۔
انہوں نے یونیورسٹی سے مزید کہا کہ وہ فیکلٹی کو مضبوط کرنے ، خالی ٹیچنگ /غیر تدریسی آسامیوں کو پُر کرنے اور کیرئیر ایڈوانسمنٹ اسکیم کے تحت پروموشن سے متعلق معاملات کو فاسٹ ٹریک موڈ میں حل کرنے کیلئے ایک مہم شروع کرے ۔
لفٹینٹ گورنر نے یونیورسٹی کو ای ۔ آفس کو ہموار کرنے اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے ضروری ہدایات بھی دیں ۔
اس موقع پر کونسل کے اراکین نے جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور فیکلٹی ممبران اور عملے کو 3.72 کے غیر معمولی سی جی پی اے اسکور کے ساتھ این اے سی سے من پسند اے ++ گریڈ حاصل کرنے پر مبارکباد دی ۔
میٹنگ کے دوران مختلف آسامیوں کیلئے براہ راست بھرتیوں کے عمل کو ہموار کرنے ، یونیورسٹی کی اسپورٹس پالیسی کے موثر نفاذ کیلئے کھیلوں کے ماہرین کی آن بورڈنگ ، ڈگری پروگرام کے ڈیزائن کیلئے کریڈٹ فریم ورک وغیرہ پر بھی بات چیت ہوئی ۔
وائس چانسلر جموں یونیورسٹی نے ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی جس میں تحقیق ، مہارت کی ترقی ، انٹرنشپ اور اسٹارٹ اپس ، بڑے پروجیکٹوں کے ذریعے تجرباتی سیکھنے پر یونیورسٹی کے زور کو اجاگر کیا گیا ۔
چئیر مین کو گذشتہ اجلاس کے دوران دی گئی ہدایات پر کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی ۔