جموں/06فروری2025ئوزیر برائے جل شکتی، جنگلات و قبائلی امور جاویداحمد رانا نے آج یہاں کے ایل سہگل ہال میں نامور گجر رہنما اور مجاہد آزادی مرحوم فیض حسین انقلاب پر ایک روزہ سمینار کا اِفتتاح کیا۔یہ پروگرام جموں و کشمیر اکیڈمی آف آرٹ، کلچر اینڈ لنگویجز کے زیر اہتمام اور گوجری زبان میں منعقد کیا گیا تھا۔ اِس پروگرام میں جموں و کشمیر بھر کے ممتاز مصنفین ، ادیبوں اور سکالروں نے شرکت کی۔ اِفتتاحی سیشن کی ایوان صدارت میںسیکرٹری کلچر اکیڈیمی ہرویندر کور ، چیف ایڈیٹر کلچرل اکیڈیمی ڈاکٹر جاوید راہی، سابق ایم ایل سی رحیم داد،نامورادیب رشید اعظم اِنقلابی ، بی جی ایس بی یونیورسٹی راجوری کے سابق رجسٹرارچودھری محمد رشید موجو د تھے۔اِس موقعہ پر جاوید احمد رانا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کے تشخص کے تحفظ میں زبان کی اہمیت پر زور دیا اور گوجری زبان اور قبائلی ثقافت کے فروغ میں مرحوم فیض حسین انقلاب کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے دونوں سرحدی اَضلاع کے عوام کی اصلاح میں انقلاب کے اہم رول پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بیرونی خطرات کے خلاف آزمائش کی گھڑی میں قومی یکجہتی اور سرحدی علاقوں کی مختلف شناختوں کو متحد کرنے میں ان کی خدمات کو آنے والے وقتوں میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیر موصوف نے اِس بامقصد پروگرام کے اِنعقاد کے لئے کلچرل اکیڈیمی کی سراہنا کی اور اِس بات پر زور دیا کہ لوگوں کو ان کی جڑوں سے جوڑنے کے لئے اِس طرح کی مزید تقریبات کا اِنعقاد کیا جانا چاہیے۔
ہرویندر کور نے اَپنے خطاب میں جموں و کشمیر کی ایک اہم زبان کے طور پر گوجری کی اہمیت پر زور دیا اور اِس زبان کے تحفظ ، تشہیر اور دستاویز کاری کے لئے کلچرل اکیڈیمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مرحوم انقلاب جیسے ہیروز کی وراثت کو یاد رکھیں اور ان سے جڑیں۔