سرینگر//نیشنل کانفرنس کے چیف ترجمان تنویر صادق نے جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی فوری بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کی عدم موجودگی کی وجہ سے کئی حکومتی مسائل حل طلب ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو تیز کیا جائے۔ کشمیرنیوز سروس ( کے این ایس) کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے بتایا کہ این سی رہنما عمر عبداللہ نے مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات میں کٹھوعہ اور سوپور کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات کی۔ انہوں نے عام شہریوں کی ہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات عوام کو بدظن کرتے ہیں اور امن کی راہ میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”ہم نے یہ معاملہ اعلیٰ سطح پر اٹھایا ہے۔ اگرچہ قانون و انتظام ہمارے اختیار میں نہیں، لیکن ہم عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ بے گناہ جانوں کا نقصان نہیں ہونا چاہیے۔“ انہوں نے حکمرانی، آئندہ بجٹ، اور دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات میں مثبت باتیں ہوئیں اور امید ہے کہ اچھے نتائج برآمد ہوں گے ۔ڈیلی ویجروںکے مسائل پر بات کرتے ہوئے، تنویر صادق نے ان کے حالات تسلیم کیے لیکن صبر کی درخواست کی، یہ کہتے ہوئے کہ نئی حکومت کو پالیسی بنانے کے لیے وقت درکار ہے۔ ”آنے والے اجلاس میں بجٹ کے تحت ان کے لیے بھی بات ہوگی،“ انہوں نے یقین دہانی کرائی۔ پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ”احتجاج جمہوری حق ہے، اور ہم عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔“