بشارت رشید
اونتی پورہ: اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ نے جمعہ کو اپنے غیر ملکی طلباء کے ساتھ ایک ‘انٹرایکٹو سیشن’ کا انعقاد عمل میں لایا، جس دوران کئی امور پر بات چیت ہوئی۔ یہ سیشن ڈین اکیڈمک افیئرز، اسلامک یونیورسٹی، منظور احمد ملک کی صدارت میں منعقد ہوا، جس کی نظامت یونیورسٹی کی انچارج انٹرنیشنل افیئرز، ڈاکٹر مونسہ قادری نے کی۔ اس موقعے پر یونیورسٹی میں زیر تعلیم تین غیر ملکی طلباء نے تمام شرکاء کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کشمیر کی مہمان نوازی کو بھی سراہا، جبکہ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کے اندر غیر ملکی طلباء کے لیے بات چیت کا ذریعہ انگریزی ہونا چاہیے۔ پروگرام کے دوران یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران نے مذکورہ طلباء کو سراہا، اور مستقبل میں ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ رجسٹرار اسلامک یونیورسٹی پروفیسر نصیر اقبال، ڈین آف آؤٹ ریچ، پروفیسر للی وانٹ، ڈین سکول آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، ڈاکٹر رومان بشیر، انچارج ڈین آف اسٹوڈنٹس پروفیسر آصفہ بابا اور دیگر افسران بھی اس موقعے پر موجود تھے۔